دہلی: لٹیروں نے دورنتو ایکسپریس کی 2بوگیاں لوٹ لیں
جمعرات 17 جنوری 2019 3:00
نئی دہلی۔۔۔نئی دہلی سے جموں جانیوالی دورنتو ایکسپریس میں مسافروں کے ساتھ لوٹ مار کا واقعہ پیش آیا۔ وزارت ریل کی جانب سے ٹرین کے سفر کو محفوظ اور آرام دہ بنانے کے دعوؤں کی قلعی اس وقت کھل گئی جب دورنتوایکسپریس کی بوگیB3اور B7میں لٹیروں نے مسافروں سے موبائل، نقدی اورزیورات لوٹ لئے۔بتایا جارہا ہے کہ دہلی کے بادلی ریلوے اسٹیشن کے باہر ٹرین کے سگنل کو ناکارہ بنا کر 5سے 10بدمعاش بوگی میں گھس گئے اور اسلحے کی نوک پر مسافروں کولو ٹنا شروع کردیا۔چونکہ دونوں بوگیاں (اے سی) تھیں اس لئے مسافروں کے چیخنے کی آواز باہر نہ جاسکی۔تقریباً20منٹ تک ٹرین میں لوٹ مار کا سلسلہ جاری رہا۔ جب ٹرین سرائے روہیلا ریلوے اسٹیشن پہنچی تو مسافروں نے پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی۔ ریلوے کے ڈی ایس پی دینش گپتا نے دعویٰ کیاکہ بدمعاشوں کی تعداد 4تھی لہذا یہ واردات ڈکیتی نہیں بلکہ مسافروں کو لوٹنے کے دائرے میں آتی ہے۔پولیس نے واقعہ کی رپورٹ درج کرکے لٹیروں کو جلدگرفتار کرنے کی یقین دہانی کرائی۔