ہندوستان سے 1300 روہنگیا مسلمان بنگلہ دیش بھیج دیئے گئے
جمعرات 17 جنوری 2019 3:00
نئی دہلی۔۔۔میانمار میں مسلمانوں پر ظالمانہ سلوک کے الزامات کے باوجودہندوستان سے 1300 روہنگیا مسلمانوں کو بنگلہ دیش واپس بھیج دیئے گئے۔ انٹر سیکٹر کو آرڈینیشن گروپ (آئی ایس سی جی) کے ترجمان این بوس کے مطابق 3 جنوری سے روہنگیا مسلمان بنگلہ دیش پہنچنا شروع ہوگئے۔ رپورٹ کے مطابق امسال اب تک 300 خاندانوں کے تقریباً 1300 افراد ہندوستان سے بنگلہ دیش بھیجے جا چکے ہیں۔آئی ایس سی جی میں اقوام متحدہ کی متعدد ایجنسیاں اور دیگر غیر ملکی حقوقِ انسانی ادارے شامل ہیں۔ بتایاگیا ہے کہ ہندوستان سے سرحد پار کر کے بنگلہ دیش میں داخل ہونیوالوں کو پولیس نے حراست میں لے لیا اور کاکس بازار روانہ کردیاہے۔ کاکس بازار جنوبی بنگلہ دیش کا ایک علاقہ ہے جہاں دنیا کا سب سے بڑا پناہ گزیں کیمپ قائم ہے۔