جان کی پروا نہیں‘ منشیات کا ناسور ختم کرکے دم لیں گے‘ شہریار آفریدی
اسلام آباد: وزیر مملکت برائے داخلہ امور شہریار آفریدی نے کہا ہے کہ مجھے اپنی جان کی کوئی پروا نہیں، مگر منشیات کا ناسور ختم کرکے دم لیں گے۔ ذرائع کے مطابق تعلیمی اداروں میں منشیات کے استعمال سے متعلق اسلام آباد میں سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ ڈرگ مافیا ملک کے مستقبل (آیندہ نسلوں) سے کھیل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فورسز کو واضح کردیا ہے کہ منشیات کے معاملے پر کوئی سمجھوتا نہیں کرنا۔
شہریار آفریدی کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم نے کہا ہے کہ ایک مافیا کے خلاف ہمیں بولڈ ہونا پڑے گا۔ ہم ہمت نہیں ہاریں گے اور ایسے لوگوں کو عبرت کا نشان بنادیں گے۔ شہریار آفریدی نے کہا کہ چائلڈ پورنو گرافی بھی منشیات کی وجہ سے ہو رہی ہے، منشیات کی وجہ سے 72 گھنٹے تک بچے خود پر قابو نہیں رکھ پاتے۔ تاہم اس معاملے میں ہم منطقی انجام تک جائیں گے۔