چیک باؤنس معاملوں پر بڑا فیصلہ، 37.20 لاکھ روپے جرمانہ، 2,2سال قید
لکھنؤ ۔۔۔چیک بائونس معاملے میں بڑا فیصلہ آیا ہے۔ 2الگ الگ معاملوں میں جسٹس سریش چندر سویتا کی ایڈیشنل کورٹ دوئم نے ملزم کو قصور وار قرار دیتے ہوئے 37.20 لاکھ روپئے جرمانے اور دو دو سال قید کی سزا سنائی ہے۔ بھائی بہن کے درمیان کے تنازعے کی سماعت قریب چار سال تک چلی۔ قدوائی نگر وائی بلاک کی انوبھوتی جین نے اپنے بھائی کمل کمار جین کے خلاف چیک بائونس کا مقدمہ 16 مئی 2015 ء کو داخل کیا تھا۔ انہوں نے الزام میں ایس این ٹی سکیوریٹیز لمیٹڈ کان پور کے 1.20 لاکھ شیئر، 12.36 لاکھ روپئے میں و یونک اِن وِن لمیٹڈ کے 3650 شیئر 17.06 لاکھ روپئے میں بھائی کو فروخت کئے تھے۔ اصل شیئر سر ٹیفکیٹ اور ٹرانسفر بھی ڈیڈ دستخط کرکے دے دیا۔ رقم کی ادائیگی کیلئے کمل نے اسی سال10 فروری کو 12.36 لاکھ روپئے کا چیک دیا۔ اسی دن شیئروں کی اور خرید و فروخت کے عوض میں 18لاکھ46ہزار790 روپئے کا ایک اور چیک دیا۔ دونوں چیک بائونس ہوگئے نوٹس پر جواب نہ ملنے کے بعد انوبھوتی نے این آئی ایکٹ کے تحت معاملہ داخل کردیا۔ وکیل کملیش پاٹھک نے بتایا کہ بھائی بہن کے بیانات سننے کے بعد کورٹ نے پہلے والے معاملے میں 15.10 لاکھ روپئے اور 2سال قید جبکہ دوسرے معاملے میں 22.10 لاکھ روپئے اور2 سال قید کی سزا سنائی۔ جرمانے کی رقم میں سے20 ہزار روپے سرکاری خزانے میں جمع ہوگی۔