Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

خادم رضوی جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیئے گئے

لاہور: تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ علامہ خادم حسین رضوی اور پیر افضل قادری سمیت 4 ملزمان کو انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا۔ ذرائع کے مطابق قومی اداروں کے خلاف اشتعال انگیز تقاریر اور احتجاجی مظاہروں کے دوران سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کے کیس کیس کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں سماعت ہوئی۔ اس موقع پر پولیس کی جانب سے علامہ خادم حسین رضوی، پیرافضل قادری، علامہ اعجاز اشرفی اور علامہ فاروق الحسن کو سینٹرل جیل کوٹ لکھپت اور سینٹرل جیل گوجرانوالہ سے لاکر انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں پیش کیا گیا۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق ملزمان پر آسیہ مسیح کی سپریم کورٹ سے بریت کے فیصلے کے خلاف احتجاج کرنے، سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے، عوام کو اکسانے اور قومی اداروں کے خلاف تقاریر کرنے کے الزامات عائد کیے گئے تھے۔ علامہ خادم حسین رضوی کی پیشی کے وقت انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے اطراف سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے اضافی نفری تعینات کی گئی تھی۔ اس موقع پر ٹی ایل پی کے کارکنان کی بڑی تعداد عدالت کے باہر موجود تھی۔ بعد ازاں عدالت نے خادم حسین رضوی، پیر افضل قادری، علامہ اعجاز اشرفی اور علامہ فاروق الحسن کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا۔
 

شیئر: