نواز شریف کے طبی معائنے کیلئے نیا میڈیکل بورڈ تشکیل
لاہور... سابق وزیراعظم نوازشریف کے طبی معائنے کے لئے نیا 6 رکنی میڈیکل بورڈ تشکیل دے دیا گیا ۔باضابطہ نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا گیا ۔ محکمہ داخلہ پنجاب نے نیا میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کے لئے محکمہ صحت کو مراسلہ ارسال کیا تھا۔نوٹی فکیشن کے مطابق ماہرین امراضِ قلب اور دیگر طبی ماہرین پر مشتمل نئے میڈیکل بورڈ میں ڈاکٹر حامد شریف خان، ڈاکٹرمحمد طلحہ، پروفیسر ڈاکٹر شاہد حمید، ڈاکٹر سجاداحمد، بریگیڈئیرعبدالحمید صدیقی اوربریگیڈئیرعظمت حیات شامل ہیں۔میڈیکل بورڈ نوازشریف کے طبی معائنے کے بعد رپورٹ اور اپنی سفارشات پیش کرے ۔ رپورٹ محکمہ داخلہ پنجاب کوفوری طورپر فراہم کی جائے گی۔