Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستانی استاد احمد سایا کیمبرج یونیورسٹی کے ایوارڈ کیلئے نامزد

کراچی: پاکستانی استاد احمد سایا کو لندن کی کیمبرج یونیورسٹی کے محنتی استاد برائے 2019ءکے اعزاز کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق پاکستان سے تعلق رکھنے والے احمد سایا کراچی میں کورڈوبا اسکول میں اے لیولز پڑھاتے ہیں۔ آن لائن شائع ہونے والی رپورٹ کے مطابق ایوارڈ کےلئے دنیا بھر سے 6 معتبر اساتذہ کو نامزد کیا گیا ہے ، جس میں پاکستان کے احمد سایا کے علاوہ ہند کے ابھے نندن بھٹیاچاریا، سری لنکا کے انتھونی چیلیاہ، آسٹریلیا کے کینڈس گرین، فلپائن کے جمری ڈیپن اور ملائیشیا کے شارون کونگ فونگ شامل ہیں۔ کمیبرج یونیورسٹی پریس نے ٹویٹر پر اعلان کیا کہ ماہرین تعلیم کے ایک خصوصی پینل نے محنتی استاد کے اعزاز کے لیے پاکستانی استاد احمد سایا سمیت 6 افراد کو نامزد کیا ہے ۔ ججز کےلئے ناموں کا انتخاب کرنا انتہائی مشکل تھا لیکن انہوں نے اس اعزاز کے لیے صرف 6 نام فائنل کئے تاہم اس اعزاز کا حقدار کون بنے گا اس کا فیصلہ ووٹنگ کی بنیاد پر ہوگا۔ قبل ازیں کیمبرج یونیورسٹی پریس ویب سائٹ کے مطابق دنیا بھر کے تمام طلبہ سے گزشتہ برس اکتوبر سے دسمبر تک پوچھا گیا تھا کہ وہ جن اساتذہ کو سب سے زیادہ محنتی سمجھتے ہیں ان کے نام بھیج دیں۔ کیمبرج یونیورسٹی پریس ویب سائٹ کے مطابق ووٹنگ کا عمل 27 جنوری تک اختتام پذیر ہوگا، جس کے بعد فاتح استاد کے نام کا اعلان کردیا جائے گا اور جو بھی استاد یہ اعزاز حاصل کرے گا، اسے کیمبرج یونیورسٹی کا دورہ کروایا جائے گا اور ساتھ ہی انہیں اپنے اسکول کے لیے کنٹینوئنگ پروفیشنل ڈیولپمنٹ (سی پی ڈی) کی سہولیات فراہم کرنے کے ساتھ دیگر انعامات بھی دیئے جائیں گے۔ 
 
 

شیئر: