Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

20 سال قبل بھی فلموں میں تھی ، آئندہ بھی نظر آﺅںگی،تبو

    بالی وڈ اداکارہ تبو نے کہا ہے کہ بالی وڈ اب 20 سال پہلے جیسا نہیں رہا۔ گزشتہ چند سال میں فلم انڈسٹری میں حیران کن تبدیلی آئی ہے اور خصوصی طور پر آخری 5 سال میں بہت کچھ بدلا ہے۔ایک انٹرویو میں بالی وڈ اداکارہ نے کہا کہ اس وقت جس طرح کی فلمیں بالی وڈ میں بن رہی ہیں یا جس طرح کے کردار پیش کئے جا رہے ہیں، پہلے ایسے کردار نہیں بنائے جاتے تھے۔ انہوں نے کہاکہ اگر 2 دہائیاں پیچھے مڑ کر دیکھا جائے تو بالی وڈ میں ایسی فلموں کی بھرمار نظر آئے گی جس میں ہیرو یا ہیروئن کا کردار ہی اہم ہوتا تھا، تاہم اب ایسا نہیں ہے۔
    تبو نے اعتراف کیا کہ اب کسی بھی فلم کی کامیابی کا کریڈٹ ہیرو یا ہیروئن کو نہیں بلکہ مجموعی کاسٹ کو جاتا ہے ۔انہوں نے کہاکہ 20 سال قبل نئے اداکار ایسے کردار کرنے کو تیار نہیں ہوتے تھے جو مختصر ہوں۔ اس وقت نئی نسل کے اداکار ہر طرح کا مختصر یا منفی جو بھی کردار ہو،خوشی سے ادا کرلیتے ہیں اور کوئی بھی ہیرو یا ہیروئن کے کردار کا مطالبہ نہیں کرتا۔
     تبو نے کہاکہ گزشتہ 5 سال میں بالی وڈ فلموں کی کہانی، پلاٹ اور کرداروں میں بہت فرق آیا ہے۔ اب ماضی کی طرح گھسے پٹے یا ہیرو اور ہیروئن کے کرداروں پر مبنی فلمیں نہیں بنائی جاتیں۔ایک سوال کے جواب میں اداکارہ تبو نے کہا کہ 20 سال قبل بھی پوچھا جاتا تھا کہ وہ کس عمر تک اداکاری کرتی رہیں گی اور اب بھی مجھ سے یہی پوچھا جاتا ہے کہ میں کب تک فلموں میں نظر آﺅنگی؟ انہوں نے کہا کہ 20 سال قبل بھی فلموں میں تھی ،اب بھی دکھائی دیتی ہوں اور آئندہ بھی پردے پر نظر آﺅںگی۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کے مقابلے میں اب میں منتخب اور خاص فلموں میں کام کرتی ہوں اور آئندہ بھی یہی سلسلہ جاری رہے گا۔
     سوشل میڈیا کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں تبو نے کہا کہ میری عمر 16 سال نہیں کہ میں ہر وقت سوشل میڈیا پر چیزوں کو تلاش کرتی رہوں اور اس کے سحر میں کھوئی رہوں۔ میں اپنی عمر کے حساب سے صحیح ہوں تاہم میں دیگر سوشل میڈیا ویب سائٹس کی بجائے صرف انسٹاگرام پر موجود ہوں جہاں زندگی کی حسین یادیں مداحوں کے ساتھ شیئر کرتی ہوں۔
 

شیئر: