ویمنز بگ بیش لیگ: برزبن ہیٹ نے فائنل جیت لیا
سڈنی:ویمنز بگ بیش لیگ کی دفاعی چیمپیئن سڈنی سکسرز کی ٹیم اعزاز کے دفاع میں ناکام رہی اور برزبن ہیٹ نے پہلی مرتبہ یہ ٹائٹل جیت لیا۔ سڈنی میں کھیلے گئے فائنل میں میزبان اور دفاعی چیمپیئن سڈنی سکسرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے7وکٹوں کے نقصان پر 131رنز بنائے۔ کیپٹن اور آل راونڈر ایلیسی پیری نے33جبکہ وان نیکرک نے ناقابل شکست32رنز اسکور کئے۔ برزبن ہیٹ کی جانب سے گریس ہیرس نے3جبکہ ڈیلیسا کمننس نے2وکٹیں لیں۔جوابی بیٹنگ میں برزبن ہیٹ کی وکٹ کیپر بیتھ مونی نے65رنز کی اننگز کھیل کر ہدف تک رسائی آسان بنا دی تھی۔ اگرچہ وکٹ کیپر کے بعد برزبن ہیٹ کی کپتان کربی شارٹ کے سوا کوئی اور بیٹر اچھی بیٹنگ نہیں کر سکی لیکن اسے میچ جیتنے میں زیادہ مشکل پیش نہیں آئی اور آخری اوور کی دوسری گیند پر ہدف حاصل کر لیا ۔ سڈنی سکسرز کی جانب سے ڈین وان نیکرک اورایرن برنز نے2،2وکٹیں لیں۔بیتھ مونی کو فائنل کی بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ ملا جبکہ شکست خوردہ ٹیم سڈنی سکسرز کی کپتان ایلیسی پیری ٹورنامنٹ کی بہترین کھلاڑی قرار پائیں۔
کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ "اردو نیوز اسپورٹس" جوائن کریں