لاہور: ن لیگ کے قائد اور سابق وزیر اعظم نواز شریف کے مختلف امراض میں مبتلا ہونے کے بعد میڈیکل بورڈ نے انہیں جیل سے اسپتال منتقل کرنے کی سفارش پر مبنی رپورٹ محکمہ داخلہ پنجاب کو بھجوا دی۔ ذرائع کے مطابق نواز شریف کے طبی معاینے کے لیے پنجاب حکومت کی جانب سے امراض قلب کے ماہرین پر مشتمل خصوصی میڈیکل بورڈ تشکیل دیا گیا تھا، جس نے 30 جنوری کو 2 گھنٹے تک کوٹ لکھپت جیل میں نواز شریف کا طبی معاینہ کیا۔ بعد ازاں میڈیکل بورڈ نے سابق وزیر اعظم کا بلڈ پریشر ، ای سی جی اور خون کے نمونے حاصل کیے جبکہ نواز شریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان نے میڈیکل بورڈ کو نواز شریف کی دل کی بیماری سے متعلق ہسٹری پر بریفنگ دی تھی۔
میڈیکل بورڈ نے جیل میں نواز شریف کا معاینہ کرنے اور میڈیکل رپورٹس کی روشنی میں رپورٹ مرتب کر کے محکمہ داخلہ پنجاب کو بھجوادی ہے جس میں انہیں جیل سے اسپتال منتقل کرنے کی سفارش کی گئی ہے ۔