پاکستان میں سنجیدہ سیاست کا دور ختم ہو چکا ہے ، اسفند یار ولی
ریاض ریجن میں پی ٹی آئی کی منتخب باڈیز کے کارکنوں میں اسنادتقسیم ، پاک میڈیا فورم کے اعزاز میں مسلم لیگ (ن) کے سینیئرنائب صدر کی جانب سے تقریب اور اے این پی کے تعزیتی اجلاس کا احوال
ذکاء اللہ محسن ۔ریاض
٭٭ عوامی نیشنل پارٹی کیجانب سے باچا خان کی یاد میں تقریب منعقد ہوئی ۔ تقریب میں اے این پی سعودی عرب کے سیکڑوں ورکرز شریک ہوئے۔ اس موقع پراسفندیارولی خان نے اپنے خطاب میں باچا خان کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ خدائی خدمت گار تحریک کے بانی باچا خان ہمیشہ عدم تشدد کے فلسفے پر عمل پیرا رہے ۔ پاکستان اور افغانستان کے حالات کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ پاکستان کا امن افغانستان کے امن سے جڑا ہے اور اسی طرح افغانستان کا امن پاکستان کے حالات سے جڑا ہوا ہے۔ افغانستان میں قیام امن کیلئے ضروری ہے کہ سنجیدہ کوششیں تیز کی جائیں تاکہ پورا خطہ امن کا گہوارہ بن جائے۔ پی ٹی آئی کی وفاقی اور خیبر پختونخوا کی حکومتوں پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں اس سے بڑھ کر ناکام حکومت نہیں دیکھی پاکستان ناتجربہ کار اور اناڑی لوگوں کی بدولت آگے کی بجائے پیچھے جا رہا ہے۔ احتساب کے عمل کے حوالے سے اسفند یار ولی نے کہا کہ نیب جانبدار نہیں تو حکومت اپوزیشن کو انتقامی کارروائیوں کا نشانہ بنا رہی ہے۔ پاکستان میں سنجیدہ سیاست کا دور ختم ہوچکا ہے ۔تقریب سے ظہور علی خان اور ڈاکٹر مزمل نے بھی خطاب کیا۔
٭٭ سنٹرل ریجن سعودی عرب میں پی ٹی آئی کی بہترین کارکردگی پر ریجن کے مختلف الیکٹڈ باڈیز کو اعزازی اسناد تقسیم کرنے کی تقریب منعقد کی گئی۔چیف آرگنائزر ذوالقرنین علی خان کی طرف سے بہترین کارکردگی دکھانے والوں کو اعزازی سرٹیفکیٹ سے نوازا گیا جو کہ اسسٹنٹ چیف آرگنائزر ظفر علی خان نے پیش کیے۔ پروگرام میں میزبانی کے فرائض الیکشن کمیشن کے ممبر ڈاکٹر سلمان شاہد نے انجام دیئے جبکہ مہمانوں کو باقاعدہ ویلکم چیرمین احمد رضا علوی نے کیا۔ ریاض سٹی کے صدر بخت شیر علی خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس قسم کے سرٹیفکیٹ دینے سے کارکن کو حوصلہ ملتا ہے ۔ ایگزیکٹیو ممبر عبدالقیوم کا کہنا تھا کے اس قسم کے پروگرام مستقبل میں بھی ہونے چاہیئے تاکہ کارکن زیادہ سے زیادہ محنت کریں ۔کوآرڈینیٹر میڈل ایسٹ مصطفیٰ کا کہنا تھا کے سرٹیفکیٹ دینے کا مقصد کارکن اور الیکٹڈ باڈیز کو حوصلہ دینا ہے۔ تقریب میں شفیع اتمانخیل، عبدالحکیم، رشاد مندوخیل، افضل القیوم، محمد رضوان، عمرا خان، شعیب محمد، ندیم بھٹی، فضل رحیم، رانا کاشف،القصیم سے سعید احمد اور مزاہمیہ سے اکرام نے بھی خصوصی شرکت کی۔
٭٭سعودی عرب میں مقیم پاکستانی صحافیوں کا کردار مثالی ہے۔ ان کی خدمات کو پوری کمیونٹی سراہتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار مسلم لیگ ن کے سینیئر نائب صدر شیخ سعید احمد نے پاک میڈیا فورم کے اعزاز میں دئیے گئے عشائیے سے خطبے کرتے ہوئے کیا۔ ریاض ریجن کے صدر ڈاکٹر سعید احمد وینس نے کہا صحافیوں کی شب و روز کی جانے والی محنت عوام الناس کے سامنے ہے۔ پاک میڈیا فورم کے صدر ذکاء اللہ محسن نے کہا ہم ریاض میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کو ہردلعزیز رکھتے ہیں اور ان کی جانب سے منعقد ہونے والے ایونٹس کا حصہ ہوتے ہیں۔ صحافت ایک مشکل کام ہے مگر کمیونٹی کی جانب سے ملنے والا پیار اور خلوص ہمارے لئے حوصلہ افزائی کا سبب بنتا ہے ۔ فورم کے چیئرمین الیاس رحیم کا کہنا تھا کہ میڈیا پر بھاری ذمے داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اوورسیرز پاکستانیوں کے مثبت پہلو کو اجاگر کرے ۔ سعودی عرب میں مقیم صحافی اپنا کردار احسن انداز میں نبھا رہے ہیں ۔ سعودی عرب میں27 لاکھ پاکستانی مقیم ہیں۔ اس اعتبار سے دیکھا جائے تو سعودی عرب ہمارا دوسرا گھر ہے اس لئے ہم نے ہمیشہ یہ کوشش کی ہے کہ پاکبانوں میں سعودی قوانین کی پاسداری کا شعور بیدار کریں ۔ تقریب سے مخدوم امین تاجر، محمود احمد باجوہ، منصور چوہدری، سجاد چوہدری، چوہدری بشیر احمد، جہانزیب امجد اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ پاک میڈیا فورم کے صدر نے کمیونٹی کے معروف نوجوان شاعر اور صحافی وقار نسیم وامق کی فورم میں شمولیت کا اعلان کیا ۔