ملکہ برطانیہ کے لیے نئے خدمت گار کی تلاش
لندن۔۔۔ برطانیہ کا شاہی خاندان ملکہ الزبتھ دوم کیلئے نئے ذاتی خدمت گار کی تلاش میں ہے۔ درخواست کنندگان کا سینیئر خادموں کی نگرانی میں امتحان بھی لیا جائے گا۔مطلوبہ خدمت گار کا مستقل مقام بکنگھم پیلس ہو گا۔ خدمات گار کو شاہی خاندان کی سکونت کے دیگر ٹھکانوں پر بھی منتقل ہونا ہو گا۔ برطانوی شاہی خاندان کی ویب سائٹ پر ایک اشتہار جاری کیا گیا ہے۔ اشتہار میں باور کرایا گیا ہے کہ ذاتی خدمت گار اعلی سطح پر مسلسل کام کرنے کی قدرت رکھتا ہو۔اسی طرح وہ سرکاری ظہرانوں ، استقبالیہ تقریبات اور ریاستی ایونٹس میں تمام پیمانوں کے ساتھ ذمے داریوں کی نگرانی سنبھالے گا۔اشتہار کے مطابق یہ ملازمت مہارتوں کو بڑھانے کا ایک موقع ہو گی۔اس حوالے سے تربیتی ماحول میسر ہو گا۔ علاوہ ازیں خدمت گار ہر قدم پر بھرپور نگرانی اور دیکھ بھال کے تحت ہو گا۔ملکہ کے خدمت گار کی تنخواہ سالانہ 26,097 امریکی ڈالر ہو گی جو کوئی بڑی رقم شمار نہیں ہوتی۔ تاہم یہ ملازمت اس حوالے سے پرکشش ہے کہ اس میں کام کا مثالی ماحول حاصل ہو گا۔خدمت گار کو مختلف مواقع پر شاہی خاندان کے ساتھ اندرون اور بیرون ملک سفر کے مواقع بھی حاصل ہوں گے۔مذکورہ ملازمت کے لیے درخواست دینے کی آخری تاریخ 17 فروری مقرر کی گئی ہے۔