خاشقجی کے واقعہ سے ولی عہد کا کوئی تعلق نہیں، الجبیر
ریاض ۔۔۔ وزیر مملکت برائے امور خارجہ عادل الجبیر نے بتایا ہے کہ سعودی صحافی جمال خاشقجی کی لاش کی جگہ دریافت کرنے کے لئے تحقیقات کا سلسلہ جاری ہے۔ سعودی پبلک پراسیکیوٹر اس سربستہ راز سے پردہ اٹھانے کیلئے کوشاں ہیں۔ انہوں نے ترکی سے شواہد طلب کئے ہیں۔ کئی بار شواہد پیش کرنے کیلئے باقاعدہ قانونی چینل استعمال کئے ہیں۔ ابھی تک ہمیں ترکوں سے اسکی بابت کوئی ثبوت نہیں ملا۔ الجبیر نے کہا کہ بہت سارے امکانات ہیں۔ ملزمان سے لاش کی بابت معلومات حاصل کی جارہی ہیں۔ تحقیقات کا سلسلہ جاری ہے۔ بالاخر سچ سامنے آکر رہیگا۔انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ امریکی صدر اور انکے وزیر خارجہ کا موقف بہت واضح ہے۔ انکا کہنا ہے کہ خاشقجی کے مسئلے سے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے تعلق کا کوئی ثبوت نہیں۔ سعودی سراغرساں ، امریکی سراغرسانوں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں۔ عادل الجبیر سے نیویارک ٹائمز کی تازہ رپورٹ کی بابت دریافت کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ وہ ایسی رپورٹ پر کوئی تبصرہ نہیں کرسکتے جسے خاشقجی کے قتل سے متعلق نامعلوم ذرائع کی بنیاد پر تیار کی گئی ہو۔ گزشتہ 2، 3ماہ کے دوران بہت سی رپورٹیں منظر عام پر آتی رہی ہیں، بعد میں پتہ چلا کہ وہ درست نہیں غلط تھیں۔