Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کانگریس کے ارکان ہم پر تنقید اور امریکہ مردہ باد کہنے والوں کو نوازتے ہیں، الجبیر

ریاض۔۔۔ سعودی وزیر مملکت برائے امور خارجہ عادل الجبیر نے امریکی کانگریس کے ارکان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ لوگ ہمارے اوپر تنقید کے تیر چلاتے ہیں اور امریکہ مردہ باد کے نعرے لگانے والوں کو گولہ بارود فراہم کرکے نوازتے ہیں۔ الجبیر نے امریکی ایوان نمائندگان کے مطالبات اور سرگرمیوں پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ بڑی عجیب بات ہے کہ کانگریس کے بعض ارکان سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات جیسے اتحادیوں کو دو رکرنے کی کوششیں کر رہے ہیں کہ جبکہ یہ وہ مملکت ہیں جو ایران اور حزب اللہ کے حمایت یافتہ دہشت گرد گروہوں سے ٹکر لے رہے ہیں۔ الجبیر نے یمن میں دہشت گرد حوثیوں کیخلاف جنگ اور جمال خاشقجی کے قتل کے واقعہ پر سعودی عرب کیخلاف امریکی کانگریس کے بعض ارکان کی مہم پر شدید ردعمل ظاہر کیا۔ انہوں نے امریکی چینل سی بی ایس سے پیش کئے جانے والے پروگرام " فیس دی نیشن" کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ یمن کے حوثیوں نے اپنے یہاں انسانی بحران پیدا کیا ہے۔ سعودی عرب گزشتہ 4 برسوں کے دوران یمن کو تقریباً 13 ارب ڈالر کی انسانی امداد پیش کرچکا ہے اور اس کا سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رکھے گا۔ یمنی بندرگاہوں کے راستے کھانے پینے کی اشیاء لانے پر کوئی پابندی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کے کسی بھی ملک کے مقابلے میں سب سے زیادہ انسانیت نواز امداد یمن کو دینے والا ملک سعودی عرب ہے۔ 
 

شیئر: