منگل 12فروری 2019ءکو سعودی عرب سے شائع ہونے والے اخبار ”عکاظ“ کا اداریہ
سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے سعودی عرب میں سیاحتی ، اقتصادی اور ترقیاتی شعبوں کے فروغ کیلئے 2جدید ترین منصوبوں کا ریکاڈ وقت میں افتتاح کیا۔”العلاء وژن“ کا اجرا کرکے سعودی عرب کو بین الاقوامی سیاحتی مراکز میں اہم اور موثر جگہ دلائی۔ اسکی بدولت سعودی عرب کا قدرتی اور ثقافتی ورثہ محفوظ ہوگا۔ اسکی بدولت خطے میں انتہائی اہم منصوبے روبعمل لائے جائیں گے۔ دنیا بھر سے سیاح تاریخی اور سیاحتی مقامات کی سیر کو پہنچیں گے۔ انکے لئے مناسب بنیادی ڈھانچہ تیار ہوگا۔ مناسب سرمایہ کاری ہوگی۔ اس عظیم الشان منصوبے کو کامیابی سے چلانے کیلئے سعودی طلباءکو مطلوبہ تعلیم حاصل کرنے کی خاطر سرکاری وظائف پر باہر بھیجا جائیگا۔
ولی عہد نے کل پیر کو کنگ عبداللہ پورٹ کا بھی افتتاح کیا۔ یہ بنیادی ڈھانچے کے عظیم الشان منصوبوں میں سے ایک ہے۔ مشرق وسطیٰ میں یہ پہلی بندرگاہ ہے جس کا نظم و نسق نجی ادارہ چلائیگا۔ یہ دنیا بھر میں انتہائی برق رفتاری کے ساتھ آگے بڑھنے والی بندرگاہ ہے۔ یہاں سالانہ 3.4ملین کنٹینرز اتارے اور چڑھائے جاسکیں گے۔ یہ سعودی عرب ہی نہیں بلکہ پورے مشرق وسطیٰ کی معیشت کا حقیقی دروازہ ثابت ہوگی۔
پے درپے منصوبوں کا افتتاح اور سنگ بنیاد ظاہر کررہا ہے کہ سعودی وژن 2030کامیابی کی شاہراہ پر پورے اعتماد، مستقل مزاجی اور ثابت قدمی سے آگے بڑھ رہا ہے۔ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور انکے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سعودی وژن کو عملی جامہ پہنانے کے عمل کی قیادت کررہے ہیں۔