لاہور: سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے 16 اور 17 فروری کو دورہ پاکستان کے دوران مسلم لیگ ن کی جانب سے ان سے ملاقات کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ ذرائع کے مطابق ن لیگ کی قیادت شہزادہ محمد بن سلمان سے ملنے کی خواہاں ہے۔ اس حوالے سے مشترکہ دوستوں کے ذریعے سعودی ولی عہد اور شہباز شریف کی ملاقات کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔
ذرائع ابلاغ کے مطابق ایک جانب جب سعودی شہزادے کے پہلے دورہ پاکستان کے لیے حکومتی تیاریاں عروج پر ہیں تو وہیں ن لیگ کے صدر شہبازشریف کی ملاقات کے لیے لیگی قیادت نے بھی سر جوڑ لیے ہیں۔ سینئر پارٹی رہنماؤں، سینٹرز اور سابق سفارت کاروں کی جانب سے اپوزیشن لیڈر شہبازشریف کی ملاقات کے لیے سر توڑ کوششیں اور بیک ڈور رابطے جاری ہیں اور اس سلسلے میں سعودی سفارت خانے سے خصوصی رابطے بھی ہوئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق تاحال شہبازشریف اور ولی عہد کی ملاقات کے حوالے سے سرکاری سطح پر کوئی پیش رفت نہیں ہوسکی۔ سنجیدہ حلقوں کا کہنا ہے کہ جہاں ملکی معاشی صورتحال میں سعودی ولی عہد کا دورہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے وہیں ان کی پاکستان میں موجودگی کے دوران سیاسی اتار چڑھاؤ بھی آسکتے ہیں۔