آج کا انسان سوشل میڈیا کی معلومات پر انحصار کرتا ہے؟
جمعرات 14 فروری 2019 3:00
بریڈ فورڈ ۔۔۔ انسانی عقل و شعور کے حوالے سے تحقیقی کام کرنے والوں نے انکشاف کیا ہے کہ آج کا انسان نقشوں کو پڑھنا بھول چکا ہے اور اسمارٹ فون وغیرہ پر معلومات کے حصول کیلئے انحصار کرکے اپنے مسائل حل کرنے کے بجائے اپنی پریشانیاں بڑھا رہا ہے جبکہ انجام کار اسمارٹ فونز اور سوشل میڈیا وغیرہ سے حاصل کردہ معلومات ناقص اور ناکارہ ثابت ہوتی ہیں۔ یہ سارے انکشافات ملک کے ممتاز سائنسدان پروفیسر پارکنسن نے کئے ہیں جنہیں کچھ عرصہ قبل ہی انجینیئرنگ کے شعبے میں انتہائی اہم کارنامے انجام دینے کے صلے میں ”ملکہ ایلزبتھ پرائز“ سے بھی نوازا جاچکا ہے۔ انہوں نے اپنے دعوے کی سند کے طورپر یہ حوالہ بھی دیا کہ اسمارٹ فون وغیرہ سے حاصل ہونے والی معلومات اس لئے بھی فضول اور ناکارہ ثابت ہوسکتی ہیں کیونکہ دنیا میں بڑے پیمانے پر جی پی ایس جیمرز استعمال ہورہے ہیں اوریہ جیمرز طیاروں او ربحری جہازوں کو فراہم کئے جانے والے اہم جی پی ایس سگنل میں رکاوٹ بن سکتے ہیں اور کسی بڑے حادثے کا سبب بن سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قدیم زمانے میں جب سائنسی دنیا نے اتنی ترقی نہیں کی تھی تو لوگ کمال مہارت سے نقشے پڑھتے تھے جگہوں کا محل وقوع معلوم کرتے تھے۔ راستوں کا ادراک حاصل کرتے تھے اوراپنی زندگی زیادہ سہل اور معلومات خیز بناتے تھے جو آنے والی نسلوں کیلئے بھی کارآمد ہوتی تھی۔