وسیم اکرم کی شائقین کرکٹ سے پی ایس ایل 4 کامیاب بنانے کی اپیل
دبئی:پاکستان کے سابق کپتان اور فاسٹ بولر وسیم اکرم نے پاکستانی شائقین سے پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کو کامیاب بنانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ بڑی تعداد میں اسٹیڈیم کا رخ کریں۔پی ایس ایل میں کراچی کنگز کے صدر کے طورپر خدمات انجام دینے والے وسیم اکرم نے متحدہ عرب امارات میں موجود پاکستانی شائقین سے درخواست کی کہ وہ لیگ کو کامیاب بنانے کیلئے میچز دیکھنے اسٹیڈیم میں آئیں۔انہوں نے کہا کہ یہ ہماری اور ہر پاکستانی کی لیگ ہے، پاکستان نے یہ لیگ اپنے شائقین کے لیے بنائی ہے، لیگ میں شامل تمام6 ٹیموں کے مالکان پاکستانی ہیں، آپ بس اس لیگ سے لطف اندوز ہوں۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے ایونٹ کے انعقاد میں شدید محنت صرف ہوتی ہے لہٰذا ملازم سے لے کر پی سی بی چیئرمین تک ہر فرد تعریف کا مستحق ہے لیکن اس کو کامیاب بنانے میں صرف شائقین ہی کردار ادا کر سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ لوگ پاکستان میں ہونے والے میچز دیکھنے کے لیے بڑی تعداد میں اسٹیڈیم کا رخ کریں گے اور جلد وہ دن آئے گا جب پوری لیگ پاکستان میں منعقد ہو گی۔کراچی کنگز کے صدر نے کہا کہ اس سیزن میں ان کی ٹیم بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی اور آخری گیند تک لڑے گی،ٹیم کا ماحول اچھا ہے اور ہم پر کسی بھی قسم کا دباو نہیں۔
کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ"اردو نیوز اسپورٹس"جوائن کریں