پشاور زلمی کی پہلی فتح، لاہور قلندرز کو 7 وکٹوں سے شکست دیدی
دبئی: پشاور زلمی نے پاکستان سپر لیگ کے ساتویں میچ میں لاہور قلندرز کو 7 وکٹوں سے ہرادیا۔یہ مقابلہ یکطرفہ رہا۔لاہور قلندرز کی پوری ٹیم 15.1اوورز میں 78رنز بنا کر آوٹ ہوگئی۔ دبئی اسپورٹس سٹی میں کھیلے گئے اس میچ میں پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو فائدہ مند رہا۔ حسن علی نے لاہور قلندرز کے ٹاپ آرڈر کو تہس نہس کر دیا۔ انہوں نے 14 کے مجموعی اسکور پر 6، 6 رنز بنانے والے فخر زمان اور سہیل اختر کو آوٹ کیا، اس کے بعد 37 کے اسکور پر 14 رنز بنانے والے کپتان اے بی ڈی ویلیئرز کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔ حسن علی نے صرف 2 رنز بعد برینڈن ٹیلر کو بھی بولڈ کرکے لاہور قلندرز کو مشکلات سے دوچار کردیا۔ حسن علی کے بعد وہاب ریاض لاہور قلندرز کے دیگر کھلاڑیوں کیلئے ڈراونا خواب ثابت ہوئے اور جنہوں نے 3 وکٹیں لے کر 78 رنز پر لاہور قلندرز کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔ ہدف کے تعاقب میں پشاور زلمی کے اوپننگ بلے باز کامران اکمل کو قلندرز کے شاہین آفریدی نے پریشان کیا اور صفر پر بولڈ کردیا۔دوسرے اوور میں حارث روف نے دوسرے اوپننگ بیٹسمین امام الحق کو ایل بی ڈبلیو آوٹ کرکے پشاور زلمی کو مشکلات سے دوچار کر دیا۔ ایسے میں عمر امین نے 61 رنز کی ناٹ آوٹ اننگز کھیلتے ہوئے پشاور کو ایونٹ کی پہلی کامیاب دلوائی۔ پشاور زلمی نے 79 رنز کا ہدف 3 وکٹوں کے نقصان پر 11ویں اوور میں ہی حاصل کرلیا۔ لاہور قلندرز کے کپتان محمد حفیظ کراچی کنگز کے خلاف ہاتھ پر گیند لگنے کے باعث انگوٹھے میں فریکچر آنے کے بعد کئی میچوں کیلئے ان فٹ ہو گئے ہیں ان کی جگہ اے بی ڈی ویلیئرز ٹیم کی قیادت سنبھال رہے تھے۔
کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ "اردو نیوزاسپورٹس"جوائن کریں