اسلام آباد... وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہاہے کہ سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے وزیر اعظم عمران خان کی درخواست پر سعودی عرب کی جیلوں میں قید 2107 پاکستانی قیدیوں کی فی الفور رہائی کا حکم ہمارے لئے بڑی خبر ہے۔ وزیرخارجہ نے جاری بیان میں کہا کہ سعودی ولی عہد کے بے حد شکر گزار ہیں۔ یہ ہمارے لئے بہت بڑی خبر ہے بہت سے پاکستانی خاندان جو عرصہ دراز سے درخواست کررہے تھے آج ان کی سنی گئی ہے۔ وزیرخارجہ نے کہاکہ اپنی اورپاکستان کی قوم کی طرف سے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کر تے ہیں، اس خیرسگالی اقدام سے دونوں ممالک کے تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔