انوکھی بارات: دولہا دلہن اور باراتی ترنگا لیکرجلوس کی شکل میں شادی ہال پہنچے
گجرات،وڈودرا۔۔۔شادی کی خوشیوں کو یاد گار بنانے کا خواب ہر دولہا دلہن کا ہوتا ہے۔اس کیلئے نت نئے پروگرام ترتیب دئیے جاتے ہیں ۔کئی ماہ پہلے سے ہی شادی کی تیاریاں شروع کردی جاتی ہیں۔
گجرات کے ضلع وڈودرا کی سینٹرل جیل میں سپروائزر مہیش ویرار نے شادی کی تمام تیاریاں مکمل کرلی تھیں کہ پلوامہ میں دہشتگردانہ حملے میں تقریباً44سیکیورٹی فورس کے اہلکار ہلاک ہوگئے۔ اس واقعہ کے بعد مہیش نے شادی کا پروگرام تبدیل کردیا۔دولہا نے فیصلہ کیا کہ وہ شادی میں بارات نہیں بلکہ ہلاک شدہ فوجیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے جلوس کی شکل میں بارات نکالی جائے۔
دلہن ہاتھوں میں پھولوں کا ہار اور دولہا ترنگا لئے اسٹیج پر پہنچے۔مہیش کی شادی کے جلوس میں فلمی نغموں کے بجائے قومی ترانے بجائے گئے۔باراتیوں نے ہاتھوں میں جھنڈے اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جس پر مختلف نعرے تھے۔ان میں ایک نعرہ’’کون کہتا ہے کہ بھارت میں صرف 1427’’شیر‘‘ رہ گئے ہیں ،13لاکھ شیر سرحد وں پر تعینات ہیں‘‘درج تھا۔
مہیش کے والد نے بتایا کہ جلوس کی شکل میں بارات جاتی ہوئی دیکھ کر تقریباًایک ہزار افراد اِس میں شریک ہوگئے اورپورا جلوس شادی ہال پہنچا جہاں سبھی کیلئے کھانے پینے کا انتظام کیا گیا۔یہ شادی تاریخی ثابت ہوئی اور اس انوکھی بارات پر لوگوں نے دل کھول کر حوصلہ افزائی کی۔