Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ہند نے پی ایس ایل کا مکمل بائیکاٹ کردیا

  نئی دہلی: ہند نے ملک بھرمیں پاکستان سپر لیگ کے میچ دکھانا بند کر دیئے۔ پاکستان دشمنی میں کرکٹ کو بھی نہیں چھوڑا، پلوامہ حملے کی آڑ میں تمام اخلاقی حدود پار کرتے ہوئے ویب سائٹ نے بھی پی ایس ایل کی کوریج روک دی ۔ مزید یہ کہ موہالی کرکٹ اسٹیڈیم میں نصب پاکستانی کرکٹرزکی تصویریں اتار دیں۔ ہندوستانی نجی چینل نے پی ایس ایل کے میچز دکھانے کے حقوق حاصل کررکھے تھے لیکن پاکستان سے دشمنی میں کرکٹ کے دیوانوں کو بھی اس خوشی سے محروم کر دیا ہے۔ اس سے پہلے اسی چینل نے 14 فروری کو ایونٹ کی رنگا رنگ افتتاحی تقریب براہ راست دکھائی۔ ادھر کرکٹ کلب آف انڈیا نے موہالی کرکٹ اسٹیڈیم میں نصب پاکستانی سابق کرکٹ کپتان عمران خان، شاہد آفریدی، جاوید میانداد اور انضمام الحق کی تصاویر ہٹا دی ہیں۔ ان 15تصاویر میں ورلڈ کپ 2011ء کے پاک ہند سیمی فائنل کی تصاویر بھی شامل ہیں جن میں پاکستانی سابق وزیراعظم ہندوستانی ہم منصب منموہن سنگھ کے ساتھ اسٹیڈیم میں میچ دیکھ رہے ہیں۔ کرکٹ کلب آف انڈیا میں تمام کرکٹرز کے فوٹوز ریکارڈ کیساتھ آویزاں کی جاتی  ہیں۔  ہندکی جانب سے عرصہ دراز سے کھیل کو سیاست کی نذر کیا جا رہا ہے اور پڑوسی ملک نے ایک مرتبہ پھر تمام اخلاقی حدود عبور کی ہیں۔ گزشتہ دنوں کشمیر کے ضلع پلوامہ میں ہندوستانی فوج پر ہونے والے حملے کے بعد سے ہند کی جانب سے پاکستان پر الزام تراشی کا سلسلہ جاری ہے اورکھیلوں پر اثرانداز ہوتے ہوئے سفارتی آداب اور اخلاقی اقدار بھی بھلا دیں حالانکہ پاکستان نے اس واقعے کی مذمت کی ہے ۔ ہندوستانی ریاست پنجاب کرکٹ ایسوسی ایشن حکام نے موہالی اسٹیڈیم کی دیواروں پر نصب پاکستانی کرکٹرز کی تمام تصویریں ہٹا دی ہیں اور اسے پلوامہ حملے میں ہلاک ہونیوالے 44 فوجیوں سے اظہار یکجہتی قرار دیا ہے۔
کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ"اردو  نیوز اسپورٹس"جوائن کریں

شیئر: