پی ایس ایل4: نامناسب الفاظ اور اشاروں کی شکایات
دبئی:پاکستان سپر لیگ 4 کے دوران ایک نیا تنازع سامنے آیا ہے اورپاکستان کرکٹ بورڈ کو پاکستان سپر لیگ کی2 فرنچائزز کراچی کنگز اور لاہور قلندرز کی جانب سے ایک دوسرے کے خلاف نامناسب زبان اور اشاروں کی شکایات موصول ہوئی ہیں۔ یہ واقعہ لاہور قلندرز اور کراچی کنگز کے درمیان دبئی میں کھیلے گئے میچ کے بعد پیش آیا تھا جس کے بارے میں دونوں ٹیموں نے میچ ریفری روشن مہانامہ سے بھی باضابطہ شکایت کی ہے۔میچ میں کراچی کنگز کی شکست کے بعد کراچی کنگز کے صدر اور سابق فاسٹ بولر وسیم اکرم نے شکایت کی کہ کراچی کنگز کے ڈریسنگ روم کے اوپر واقع لاہور قلندرز کے مہمانوں کے باکس سے ان کے بارے میں مبینہ طور پر نامناسب نعرے لگائے گئے اور نازیبا اشارے بھی کئے گئے ہیں۔اس موقع پر کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم اور فاسٹ بولر محمد عامر بھی وسیم اکرم کے پاس آ گئے۔ اس دوران سیکیورٹی ا سٹاف نے مہمانوں کے باکس کی جانب دیکھتے ہوئے ان لوگوں کو پہچاننے کی کوشش کی جن کے بارے میں وسیم اکرم نے شکایت کی تھی کہ وہ نامناسب الفاظ استعمال کر رہے تھے۔ لاہور قلندرز کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر عاطف رانا اور کراچی کنگز کے مالک سلمان اقبال نے الزامات کی تردید کرتے ہوئے مخالف فریق پر نازیبا زبان کے استعمال اور اشاروں کا الزام لگایا اور کہا کہ نہ صرف میچ ریفری روشن مہانامہ سے باضابطہ شکایت کی بلکہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی کو بھی مطلع کردیا گیا ہے۔
کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ"اردو نیوز اسپورٹس"جوائن کریں