Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لاہور قلندرزکوسلمان بٹ کی شمولیت کیلئے زیادہ سوچنا نہیں پڑا

شارجہ:پاکستان سپر لیگ کی ٹیم لاہور قلندرز کے کوچ اور ڈائریکٹر عاقب جاوید نے کہا ہے کہ سلمان بٹ نے اسپاٹ فکسنگ کی شکل میں اپنے کئے سے سبق سیکھ لیا ہے اور اب وہ مختلف اور تبدیل شدہ کھلاڑی ہے ۔ لاہور قلندرز نے اپنے زخمی ہو جانے والے کپتان محمد حفیظ کی جگہ سلمان بٹ کو اسکواڈ کا حصہ بنایا ہے اور انہوںنے گزشتہ روز پی ایس ایل میں اپنا پہلا میچ بھی کھیلا جس میں محتاط بیٹنگ کرتے ہوئے 17رنز کی اننگز کھیلی۔ پابندی کے خاتمے کے بعد سلمان بٹ کی اعلیٰ ترین سطح پر کسی ٹورنامنٹ میں پہلی نمائندگی تھی ۔عاقب جاوید کا کہنا تھا کہ ہمیں سلمان بٹ کی شمولیت کیلئے زیادہ سوچ بچار نہیں کرنا پڑا کیونکہ ڈومیسٹک کرکٹ میں ان کا ریکارڈ انتخاب کیلئے کافی تھا۔ عاقب جاوید اور لاہور قلندرز پر سلمان بٹ کو منتخب کرنے پر تنقید بھی ہوئی ہے ۔ اس تناظر میں سابق فاسٹ بولر کا کہنا تھا کہ سلمان بٹ نے جو کچھ کیا اس کا خمیازہ بھی بھگت لیا اور مجھے پورا یقین ہے کہ سابق کپتان نے سبق بھی سیکھا ہے اور اب وہ ایک بدلے ہوئے انسان اور کھلاڑی ہیں۔ اپنے کیریئر کو دوبارہ تباہ کرنے کا سوچ بھی نہیں سکتے ، کھلاڑی کی حیثیت سے سلمان کی کارکردگی سب کے سامنے ہے اور اسی بنیاد پر موقع بھی دیا گیا ہے ۔سزا مکمل کرنے کے بعد سے سلمان بٹ فرسٹ کلاس میں 1788،ون ڈے میں2423اور ٹی ٹوئنٹی میں 941رنز بنا چکا ہے ۔عاقب نے امید ظاہر کی کہ سلمان بٹ سے ہماری توقعات پوری ہوں گی ۔
کھیلوں کی  مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ "اردو  نیوز اسپورٹس" جوائن کریں

شیئر: