ہند کے متعصبانہ رویہ پر اولمپکس کمیٹی کا اظہار ناراضی
سوئٹزرلینڈ: ہندوستان کے متعصبانہ رویہ کے سبب پاکستانی نشانہ بازوں کو ویزے جاری نہ کرنے پر انٹرنیشنل اولمپکس کمیٹی نے مستقبل کے ایونٹس کی میزبانی پر ہند سے ہونے والی بات چیت معطل کردی۔آئی او سی ایگزیکٹو بورڈ نے بین الاقوامی فیڈریشنز سے بھی ہند کو ایونٹس کی میزبانی نہ دینے کا کہہ دیا اور کہا ہے کہ جب تک ہند کھیلوں میں تعصب اور سیاست کا خاتمہ اور اولمپک چارٹر کی پابندی یقینی نہیں بناتا اسے ایونٹس کی میزبانی نہ دی جائے۔پاکستانی نشانہ باز جی ایم بشیر اور خلیل احمد نے 2020 میں ہونے والے اولمپکس مقابلوں کے لئے ہندمیں منعقدہ کوالیفائر میچز میں حصہ لینے کیلئے ویز وں کی درخواست دی تھی تا ہم پلوامہ حملے کے تناظر میں ہندنے پاکستانی نشانہ بازوں کو ویزے جاری نہیں کئے۔ آئی او سی کا کہنا ہے کہ ہند کو مستقبل میں اولمپکس سے متعلق کسی بھی کھیل کے انتظامات کی اجازت اس وقت تک نہیں دی جائے گی جب تک ہند حکومت بلاتفریق انعقاد کی تحریری یقین دہانی نہ کرادے۔آئی او سی نے ہند میں ہونے والے شوٹنگ ورلڈ کپ کے 25 میٹر ریپڈ فائر ایونٹ کا اولمپک کوالیفائر کا درجہ بھی دستبردار کردیا۔انٹرنیشنل اولمپکس کمیٹی کے ایگزیکٹو بورڈ نے فیصلہ کیا کہ مستقبل میں ہندمیں اولمپک مقابلوں کے انعقاد کیلئے ہند کو دئیے جانے والے این او سی سے متعلق بات چیت اس وقت تک معطل رہے گی جب تک ہند حکومت تعصب سے پاک برتاو کرکے اولمپکس قوانین پر عملدرآمد نہ کرے۔آئی او سی نے انٹرنیشنل فیڈریشن سے سفارش بھی کی کہ ہندمیں اس وقت تک اولمپکس مقابلوں کا انعقاد نہ کیا جائے جب تک وہ مذکورہ شرائط پر پورا نہ اترے۔
کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ "اردو نیوز اسپورٹس" جوائن کریں