ریاض... ریاض پولیس نے بینک صارفین کو لوٹنے والے 3 افراد پر مشتمل گروہ کو گرفتار کرلیاہے۔ پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ ریاض کے مختلف بینک صارفین رقم لے کر نکلتے ہیں تو کچھ افریقی تارکین ان کا تعاقب کرتے ہیں۔ متعدد واقعات ایسے بھی ہوئے ہیں کہ بینک صارفین کو چھرا دکھا کر رقم چھین لی گئی۔ متعدد اطلاعات ملنے پر ریاض پولیس نے تفتیشی ٹیم تشکیل دی جس نے ریکارڈ وقت میں گروپ کے افراد کو گرفتا ر کرلیا۔ ان کا تعلق ایتھوپیا اور اریٹریا سے بتایا گیا ہے۔ تفتیش کے دوران ملزمان نے متعدد افراد کو لوٹنے کا اعتراف کیا ہے۔ ریاض پولیس نے شہریوں و مقیم غیر ملکیوں کو یقین دلایا ہے کہ شہر میں امن وامان برقرار رکھنا اس کی اولین ذمہ داری ہے جسے وہ ہر وقت ادا کرتی رہے گی۔ ملزمان کو قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد عدالت میں پیش کر دیا جائے گا۔ الزام ثابت ہونے پر انہیں قرار واقعی سزا دی جائے گی۔