پاکستان کو کرکٹ کی دنیا سے جدا کرنے کا بی سی سی آئی کاخواب
نئی دہلی:ہندوستانی کرکٹ بورڈنے کرکٹ کی دنیا میں پاکستان کو تنہا کرنے کا خواب دیکھنا شروع کردیاہے ۔ہند کی خواہش ہے کہ دہشت گردی کی بنیاد پر کرکٹ کی دنیا میں پاکستان کو اسی طرح الگ تھلگ کردے جیسے ماضی میں جنوبی افریقہ کو نسلی تعصب کے ہتھیار کے ساتھ کرکٹ سے جدا کردیا گیا تھا۔ہندوستانی سپریم کورٹ کی جانب سے مقرر کردہ کمیٹی آف ایڈمنسٹریٹرز کے سربراہ ونود رائے کا کہنا ہے کہ انہیں کیا ضرورت پڑی ہے کہ وہ پاکستان کیخلاف ورلڈ کپ کا میچ نہ کھیل کر 2پوائنٹ ضائع کرے یہ تو پاوں پر کلہاڑی مارنے کی کوشش ہوگی۔ ان کا خیال ہے کہ پاکستان کو ورلڈکپ سے باہر کرنے کے ساتھ ہی کرکٹ برادری سے بھی نکال دیا جائے۔ انہوں نے آئی سی سی کو خط میں اپنا جو نکتہ نظر بیان کیا ہے اس کے تحت پاکستان کو دہشت گردی کی بنیاد پر تنہا کیا جا سکتا ہے ۔ دریں اثناءانڈین ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی نے کہا ہے کہ ہم پلوامہ حملے میں مارے جانے والے جوانوں کے ساتھ ہیں، ہم ہر اس فیصلے کے ساتھ کھڑے ہوں گے جو عوام چاہے گی اور کرکٹ بورڈ کا فیصلہ ہوگا۔ کوہلی کا کہنا ہے کہ کرکٹ بورڈ اور حکومت انگلینڈ میں ہونیوالے ورلڈ کپ2019ءمیں پاکستان کےخلاف میچ کے حوالے سے جو بھی فیصلہ کرے گی ہندوستانی ٹیم اس فیصلے کے ساتھ کھڑی ہوگی۔ بی سی سی آئی پاکستان کےخلاف میچ کھیلنے سے انکار پر غور کر رہا ہے تاہم ابھی کوئی حتمی فیصلہ سامنے نہیں آیا۔
کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ " اردو نیوز اسپورٹس" جوائن کریں