Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

غیر عربوں کو عربی سکھانے کے موضو ع پر جازان یونیورسٹی میں عالمی اجلاس

جازان۔۔۔ جازان یونیورسٹی نے اپنے کیمپس میں فیکلٹی آف آرٹ میں غیر عربوں کو عربی سکھانے کے موضوع پر عالمی اجلاس منعقد کیا۔ اس کی صدارت جازان کے قائم مقام گورنر شہزادہ محمد بن عبدالعزیز بن محمد نے کی۔ وائس چانسلر ڈاکٹر مرعی القحطانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عربی زبان قرآن پاک اور سنت مبارکہ کی زبان ہے۔ یہ ہمارے وطن عزیز سعودی عرب کی قومی زبا ن ہے۔ سعودی حکومت عربی زبان کی نشرو اشاعت اور ترویج کا عزم کئے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہاکہ جازان یونیورسٹی پوری دنیا میں عربی زبان کی اہمیت کو اجاگر کرنے کا مشن چلائے ہوئے ہے۔ یہ اقوام متحدہ کی سرکاری کارروائی کیلئے بھی منظور شدہ زبانوں میں سے ایک ہے۔ القحطانی نے کہا کہ اجلاس پیر کی طرح منگل کو بھی جاری رہے گا۔ سعودی عرب عربی زبان و ادب کے مقام و رتبے کے فروغ میں موثر کردار ادا کرتا رہا ہے، آئندہ بھی اپنا مشن جاری رکھے گا۔ جازان یونیورسٹی میں عربی زبان کے منتخب اساتذہ عربی زبان سے متعلق امور و مسائل کو اجاگر کرنے اور ان کی گتھیاں سلجھانے کیلئے 4 علمی مباحثے کررہے ہیں۔ عربی کے غیر ملکی ماہرین بھی ان کے شانہ بشانہ حصہ لے رہے ہیں۔ القحطانی نے توجہ دلائی کہ دراصل کنگ عبداللہ انٹرنیشنل عربک لینگویج سننٹر عربی زبان کی ہر لحاظ سے خدمت کررہا ہے۔ جازان یونیورسٹی اور سعودی عرب کی دیگر جامعات کنگ عبداللہ سنٹر کے ساتھ تعاون کررہی ہے ۔ اس موقع پر غیر عربوں کو عربی سکھانے والے پروگرام کا تعارف کرایا گیا۔ اس پروگرام سے اب تک دنیا بھر کے سیکڑوں افراد فائدہ اٹھا چکے ہیں۔ اجلاس کے اختتام پر قائم مقام گورنر جازان نے غیر عربوں کو عربی سکھانے والے پروگرام میں شامل ممتاز طلبہ اور اجلاس کے شرکاء کو اعزاز سے نوازا۔ 

شیئر: