کریلا پکانے پرشوہر سے مارکھانے کے بعدبیوی تھانے پہنچ گئی
جمعرات 28 فروری 2019 3:00
لکھنؤ۔۔۔اکثر سنا ہوگا کہ شوہر بیویوں کو میکے جانے، کھانا نہ بنانے یا پھر جہیز کے لالچ میں زدوکوب کرتے ہیں ۔اتر پردیش کے دارالحکومت لکھنؤ میں ایک ایسا واقعہ سامنے آیا جس میں روزانہ کریلا پکانے سے تنگ آکر شوہر نے بیوی کی پٹائی کردی جس کے بعداہلیہ نے خواتین پولیس اسٹیشن پہنچ کر شوہر کیخلاف شکایت درج کرائی۔خاتون تھانہ انسپکٹر نے دونوں کو ایک ماہ تک ساتھ رہنے کا موقع دیتے ہوئے انتباہ کیا کہ اگر اس دوران لڑائی جھگڑے کی شکایت موصول ہوئی تو دونوں کیخلاف کارروائی کی جائیگی۔خواتین پولیس تھانے کی انسپکٹر شاردا چودھری نے بتایا کے میاں بیوی کو تھانے میں طلب کرکے کونسلنگ کی گئی۔ دونوں کے درمیان معمولی باتوں پر تنازع تھا۔شوہر نے کھانے میں روزانہ کریلا پکانے پر بیوی کی پٹائی کی جبکہ اہلیہ نے شوہر پر جہیز کے مطالبے کا الزام لگایا۔دونوں کی کونسلنگ کے بعد بنگلورو میں ایک ماہ ساتھ رہنے کیلئے بھیج دیا گیا۔