اسلام آباد... قومی اسمبلی کے رکن اور تحریک انصاف کے رہنما فخر امام خصوصی کشمیر کمیٹی کے چیئرمین مقرر ہوگئے۔ قومی اسمبلی کی خصوصی کشمیر کمیٹی کا اجلاس ہوا ۔کشمیر کمیٹی کی چیئرمین شپ کے لئے ن لیگ کے شیخ روحیل سید اصغر نے سید فخر امام کا نام تجویز کیا۔ کمیٹی نے اتفاق کرتے ہوئے سید فخر امام کوچیئرمین مقرر کر دیا۔ اس موقع پر سید فخر امام نے کہا کہ جو ذمہ داری ملی ہے اس پر پورا کرنے کے لئے بھر پور کردار ادا کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر آج تک اقوام متحدہ کی قرار دادوں پر عمل نہیں ہوا ۔ مودی نے حال ہی میں پاکستان کے ساتھ نیا تماشا کھڑا کیا ہے۔ ہند کی کوشش ہے پاکستان اور کشمیر میں کشمیریوں کو دہشت گرد قرار دے جبکہ وہ خود کشمیر میں ریاستی دہشت گردی کررہا ہے۔انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر ہمارے لئے بہت ہی بڑا چیلنج ہے۔ اپنا موقف موثر انداز میں دنیا کے سامنے پیش کرنا ہے۔ دنیا تب ہماری بات سنے گی جب اسے ہماری ضرورت ہو۔ فخر امام نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے اپنی تمام تر توانائیاں صرف کردوںگا۔