پی ایس ایل4: نیشنل اسٹیڈیم کی سیکیورٹی رینجرز کے حوالے
کراچی:پی ایس ایل 4 کے میچز لاہور سے کراچی منتقل ہونے کے اعلان کے ساتھ ہی تیاریوں کا سلسلہ مزید تیز کر دیا گیا ۔ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں سیکیورٹی ہائی الرٹ ہے اور کنٹرول سندھ رینجرز کے حوالے کر دیا گیا ہے۔پی ایس ایل کے آخری مرحلے کی تیاریاں عروج پر ہیں، انتظامی امور کے بعد سیکیورٹی اقدامات بھی فائنل کر لئے گئے۔ پی ایس ایل 2019 کی سیکیورٹی سے متعلق ہونے والی اس ریہرسل میں پولیس اور رینجرز کے دستوں کے ساتھ ساتھ فوج نے بھی حصہ لیا۔ اس دوران پی ایس ایل میں شامل ٹیموں کو میچز کیلئے نجی ہوٹل سے لے کر اسٹیڈیم اور پھر اسٹیڈیم سے واپس ہوٹل لانے کی ریہرسل کا مظاہرہ کیا گیا۔ نیم فوجی دستوں کی بھاری نفری اسٹیڈیم کے اندر اور باہر تعینات کر دی گئی۔پولیس اور حساس اداروں کے اہلکار بھی رینجرز کے ساتھ ڈیوٹی انجام دیں گے۔ رینجرز کمانڈوز کے دستے بھی نیشنل اسٹیڈیم پہنچا دیئے گئے ہیں۔ا سٹیڈیم میں سیکیورٹی چیکنگ کے آلات اور کنٹرول روم کا معائنہ بھی کیا جائے گا ۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق کراچی میں 8 میچزکھیلے جائیں گے جو 9 مارچ سے شروع ہوں گے۔ چیئرمین پی سی بی احسان مانی کا کہنا ہے کہ تمام فرنچائزز سمیت متعلقہ باڈیز سے مشاورت کے بعد فیصلہ کیا گیا ہے۔ لاہور ایئر پورٹ کی بندش کے باعث ضروری سامان کی منتقلی بڑا چیلنج تھا۔ کراچی میں سامان کی منتقلی کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ ایونٹ کو ہر صورت کامیاب بنائیں گے۔دریں اثناءکراچی میں میچ کے دنوں کیلئے ٹریفک پلان مرتب کر لیا گیا۔ شائقین کیلئے 5پارکنگ پلاٹس کا انتظام ہوگا۔ اسٹیڈیم آنے والے شہریوں کو اصل شناختی کارڈ اور ٹکٹ ساتھ رکھنا لازم ہوگا۔ سندھ حکومت کی جانب سے نیشنل اسٹیڈیم میں 8 بستروں کا عارضی اسپتال بھی قائم کیا جائے گا جہاں 80 ڈاکٹرز اور نیم طبی عملے کے افراد تعینات ہوں گے۔ ایدھی، چھیپا، امن فاونڈیشن اور سرکاری ہسپتالوں کی 60 ایمبولینسز کا قافلہ بھی ٹیموں کے ساتھ رہے گا جبکہ ہوٹلوں میں بھی میڈیکل ٹیمیں تعینات کی جائینگی۔چھت کا کام جلد پورا ہونےکا امکان ہے۔
کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ " اردو نیوز اسپورٹس" جوائن کریں