مرد فٹبالرز خواتین سے کھیل کا ضابطہ اخلاق سیکھیں، صدر فیفا
اسکاٹ لینڈ: فٹبال کے عالمی نگراں ادارے فیفا کے صدر جیانی انفینٹینو نے مرد فٹبالرز کو ہدایت دی ہے کہ کھیل کے دوران ہم منصب خواتین سے کھیل کے ضابطہ اخلاق کے بارے میں سبق حاصل کریں۔ اسکاٹ لینڈ کے شہر ابرڈین میں اسپورٹس کے حوالے سے قوانین بنانے والوں کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کھیل کے دوران خواتین مردوں کے مقابلے میں زیادہ بہتر طرح پیش آتی ہیں۔ مردوں کے مقابلے میں خواتین کے میچزمیں وقت کم ضائع ہوتا ہے اور خواتین زخمی ہونے کا ڈھونگ بھی کم رچاتی ہیں۔ مردوں کے فٹبال میچز میں اکثر اوقات ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے واقعات پیش آتے رہتے ہیں۔کھلاڑیوں کی طرف سے ایسا اکثر میچ کے دورانیے کو بڑھانے یا حریف پر فاول کا الزام لگانے کیلئے کیا جاتا ہے لیکن بعض اوقات ایسا منفی رویہ اپنانے کی کوئی خاص وجہ نہیں ہوتی۔ واضح رہے کہ انفینٹینوکا بیان فیفا کے سابق صدر سیپ بلاٹر کے بالکل برعکس ہے جن کا ماضی میں کہنا تھا کہ اگر خواتین کھلاڑی چست کپڑے پہنیں تو شاید خواتین کو فٹبال کی دنیا میں مقبولیت ملے۔
کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ " اردو نیوز اسپورٹس" جوائن کریں