سڈنی (ایجنسیاں)انگلینڈ کے سابق بیٹسمین گراہم ہک آسٹریلوی ٹیم کے بیٹنگ کوچ بن گئے ہیں۔ وہ گراہم ہک کیلئے سب سے بڑا اور پہلا چیلنج ہند کے خلاف ہونے والی 4 ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز ہوگی کیونکہ آسٹریلیا ایشیا میں گزشتہ 9 ٹیسٹ میچ ہار چکا ہے اور کینگروز کو سری لنکا کے خلاف حالیہ ہونے والی سیریز میں 3-0 سے عبرتناک شکست کا بھی سامنا کرنا پڑا تھا۔50 سالہ گراہم ہک نے انگلینڈ کی جانب سے 65 ٹیسٹ میچوں کی 114 اننگز میں 3 ہزار383 رنز بنارکھے ہیں جس میں 6 سنچریاں اور 18 نصف سنچریاں بھی شامل ہیں ۔ ٹیسٹ میں ان کا بہترین انفرادی اسکور 178 ہے۔ ایک روزہ میچز میں گراہم ہک نے 120 میچز کی 118 اننگز میں انگلینڈ کی نمائندگی کی اور 3 ہزار 846 رنز بنائے جس میں 5 سنچریاں اور 27 نصف سنچریاں بھی شامل ہیں ۔ ون ڈے میں ان کا بہترین انفرادی اسکور 126 ہے۔ انہوں نے فرسٹ کلاس کرکٹ میں 136 سنچریوں اور 158 نصف سنچریوں کی مدد سے 41 ہزار 112 رنز بنارکھے ہیں۔ فرسٹ کلاس کرکٹ میں ان کا بہترین انفرادی اسکور 405 رنز ہے جو اب تک دنیا میں صرف 8 کھلاڑی ہی بناسکے ہیں۔