Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز کیلئے پاکستان ٹیم کا اعلان

کراچی: پاکستان کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی نے آسٹریلیا کیخلاف متحدہ عرب امارات میں کھیلی جانیوالی ون ڈے سیریز کیلئے قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد سمیت 6کھلاڑیوں کو آرام کا موقع دیتے ہوئے شعیب ملک کی قیادت میں آسٹریلیا کے خلاف سیریز کیلئے 16 رکنی ٹیم کا اعلان کردیا۔نئے کھلاڑیوں محمد حسنین، عابد علی اور سعد علی کے علاوہ ٹیسٹ فاسٹ بولر محمد عباس اور مڈل آرڈر بیٹسمین عمر اکمل کو بھی اسکواڈ کا حصہ بنا یا گیا ہے ۔ چیف سلیکٹر انضمام الحق نے اسکواڈ کا اعلان نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کیا ۔چیف سلیکٹر نے بتایا کہ گزشتہ چند ماہ کے دوران بہت زیادہ کرکٹ کھیلنے کی وجہ سے کپتان سرفراز احمد، بابر اعظم، فخر زمان، شاہین آفریدی، شاداب خان اور حسن علی کو آرام کا موقع دیا گیا ہے جبکہ حسین طلعت کو ڈراپ کیا گیا ہے۔ کپتان سرفراز احمد کی عدم موجودگی میں سینئر کھلاڑی شعیب ملک ٹیم کے کپتان ہوں گے کوئی نائب نہیں مقرر کیا گیا۔ وکٹ کیپر محمدرضوان ہوں گے ۔پی ایس ایل سیزن 4 میں سامنے آنے والے فاسٹ بولر محمد حسنین کے علاوہ اے ٹیم کے بیٹسمین عابد علی اور سعد علی اور ٹیسٹ ٹیم کے فاسٹ بولرمحمد عباس کو ون ڈے کیریئر شروع کرنے کا موقع دیا جا رہا ہے۔2017میں چیمپیئنز ٹرافی سے قبل ٹیم سے باہر کئے جانے والے عمر اکمل کو بھی طلب کیا گیا ہے ، عمر اکمل کے بارے میں ہیڈکوچ مکی آرتھر کا کہنا ہے کہ اگر عمراکمل نے اپنی فٹنس برقرار رکھی تو ٹیم میں جگہ دینے میں کوئی اعتراض نہیں۔ایک عرصہ تک مکی آرتھر اورعمر اکمل کے مابین ڈسپلن اور فٹنس کے تناظر میں تنازعات سامنے آتے رہے ہیں۔فاسٹ بولر جنید خان بھی ٹیم میں واپس آئے ہیں۔ جنید خان نے اپنی فارم اور فٹنس ثابت کر دی ہے ۔سیریز کے 16رکنی اسکواڈ میں کپتان شعیب ملک کے علاوہ امام الحق، حارث سہیل، عماد وسیم، عمر اکمل، شان مسعود، فہیم اشرف، محمد عامر، جنید خان، محمد عباس، عثمان خان شنواری، یاسر شاہ، سعد علی، رضوان احمد،عابد علی اور محمد حسنین شامل ہیں۔
 کھیلوں کی  مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ " اردو نیوز اسپورٹس" جوائن کریں

شیئر: