ریاض۔۔۔ وزیر انصاف ڈاکٹر ولید الصمعانی نے کمسنی کے باعث لڑکی کا نکاح فسخ کرا دیا۔ عکاظ اخبار میں شائع ہونے والی تفصیلات کے مطابق وزارت انصاف نے نکاح خواں کیخلاف ضوابط کی خلاف ورزی پر تفتیش شروع کردی ہے۔ سراة عبیدہ نے 18 سال سے کم عمر لڑکی کا نکاح پڑھایا تھا۔ نکاح کی توثیق کیلئے جب وزارت انصاف سے رجوع کیاگیا تو وزارت نے مداخلت کرتے ہوئے لڑکی کی کم عمری کے باعث عقد کو باطل کردیا۔ وزارت انصاف کے ذرائع نے کہا کہ نکاح پڑھانے والوں کو تاکید کی گئی تھی کہ قانونی عمر اور شرعی ضوابط کی پابندی کی جائے۔ ضوابط کی تکمیل نہ ہونے پر کسی صورت میں بھی نکاح نہ پڑھایا جائے۔ یہ شہریوں کے حقوق کے تحفظ کے علاوہ بچوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے بھی کیاگیا ہے۔