رانچی:کار اور ٹرک میں خوفناک تصادم،10افراد ہلاک
رام گڑھ۔۔۔ریاست جھارکھنڈ کے علاقے پیتی این ایچ 33پر تیز رفتار کار سامنے سے آنے والے ٹرک سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے 10افراد ہلاک ہوگئے۔کار میں سوار تمام افراد بہار کے ضلع آرا سے ایک تقریب میں شرکت کے بعد واپس رانچی آرہے تھے ۔حادثہ اتنا شدید تھا کہ کار کا اگلا حصہ مکمل طور پر تباہ ہوگیا۔ اطلاع ملتے ہی پولیس اور امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچیں اور زخمیوں کو باہر نکال کر اسپتال پہنچانے کی کارروائی کی ۔اسی دوران ٹرک ڈرائیور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔مرنیوالوں کی شناخت ستیہ نارائن، اجیت کمار سنگھ ، منٹوکمار سنگھ ، سروج سنگھ، سبودھ کمار سنگھ، رنکو، کلی کماری ، رونق کمار، روحی کمار اور کار ڈرائیور انچل پانڈے کے طور پر ہوئی۔عینی شاہدین کے مطابق کار این ایچ 33پٹنہ رانچی شاہراہ پر جارہی تھی کہ تیز رفتاری کے باعث دوسری جانب روڈ پر چلی گئی، اسی دوران سامنے سے آنے والے ٹرک سے ٹکرا گئی جس سے خوفناک حادثہ پیش آیا۔حادثے کے بعد علاقہ کے لوگوں نے لاشیں کار سے باہر نکالنے کی کارروائی شروع کی ۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاشیں رام گڑھ ضلع اسپتال کے سرد خانے میں جمع کرادیں جہاںپوسٹ مارٹم کے بعد رانچی بھیج دی جائیں گی۔پولیس نے واقعہ کی رپورٹ درج کرکے ٹرک ڈرائیور کو گرفتار کرنے کی کارروائی شرو ع کردی۔