عام انتخابات11اپریل سے 7 مراحل میں کرانے کا اعلان
نئی دہلی ۔۔۔۔۔چیف الیکشن کمشنر سنیل اروڑہ نے اتوار کوالیکشن کی تاریخوں کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ پورے ملک میں انتخابی ضابطہ اخلاق نافذ کردیا گیا۔17ویں لوک سبھا کی 543سیٹوں کے لئے11اپریل سے19مئی کےدرمیان 7 مراحل میں انتخابات ہونگے۔ ووٹوں کی گنتی 23مارچ کو ہوگی۔ پہلے مرحلہ کے لیے 11اپریل کو ووٹ ڈالے جائیں گے۔ ساتویں مرحلہ کی ووٹنگ 19مئی کو ہوگی اور ووٹوں کی گنتی 23مئی کو کی جائیگی۔دوسرے مرحلہ کی ووٹنگ 18اپریل کو، تیسرے مرحلہ کی 23اپریل کو ،چوتھے مرحلہ کی ووٹنگ 29اپریل کو ، پانچویں مرحلہ کی 6مئی کو اور چھٹے مرحلہ کی ووٹنگ 12مئی کو ہوگی ۔اروڑہ نے بتایا کہ تقریبا 90کروڑ ووٹرز اس انتخابات میں اپنے حق رائے دہی کا استعمال کرینگے ۔ پچھلے انتخابات کےمقابلہ میں8 کروڑ 34لاکھ نئے ووٹرکا اضافہ ہوا جن میں سے ڈیڑھ کروڑ 18سے 19سال کی عمر کےہیں ۔انہوں نے بتایا کہ پچھلی بار 9مراحل میں الیکشن ہوئے تھے، لیکن اس بار7 مراحل میں انتخابات کا عمل مکمل کرانے کا فیصلہ کیاگیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ انتخابات کی تاریخ طے کرتے وقت ریاستی ایجوکیشن بورڈز،سی بی ایس ای ،مقامی تہواروں کے ساتھ ہی فصلوں کی کٹائی کے موسم اور محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کو بھی مد نظر رکھا گیا۔پہلےمرحلہ میں 20ریاستوں کی 91سیٹوں ،دوسرے مرحلہ میں 13ریاستوں کی 97سیٹوں ،تیسرے مرحلہ میں 14ریاستوں کی 115سیٹوں ،چوتھے مرحلہ میں 9ریاستوں کی 71سیٹوں ،پانچویں مرحلہ میں 7ریاستوں کی 51سیٹوں ،چھٹے مرحلہ میں سات ریاستوں کی 59سیٹوں اور ساتویں مرحلہ میں سات ریاستوں کی 59سیٹوں کے لیے ووٹ ڈالے جائیں گے ۔اس بار سبھی پولنگ مراکز پر وی وی پیٹ استعمال کیا جائیگا۔ای وی ایم پر امیدواروں کے انتخابی نشان اور نام کےساتھ ان کی تصویریں بھی ہوں گی تاکہ ووٹرز کو سہولت ہو۔ انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی شکایات درج کرانے کیلئے موبائل اپلیکیشن جاری کیاجائیگا۔اس مرتبہ سوشل میڈیا کے ذریعہ انتخابی تشہیری مہم کو بھی ضابطہ اخلاق کے دائرے میں لایاگیا ہے۔ سوشل میڈیا پر اشتہار کا مواد ڈالنے سے پہلے سرٹیفکیشن لازمی قرار دیاگیا ۔فیس بک ،ٹوئٹر ،گوگل اور یوٹیوب نے تحریری طورپر یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ بغیر تصدیق کے اشتہاری مواد کو اپنے پلیٹ فارم سے جاری نہیں ہونے دیں گے اور کسی بھی قابل اعتراض مواد کیخلاف فوری کارروائی کی جائیگی۔