امریکی بحریہ کیلئے روبوٹ آبدوز
نیویارک ۔۔۔مشہور طیارہ ساز کمپنی بوئنگ والوں نے امریکی بحریہ کے لئے روبوٹ آبدوزوں کے ایک بہت بڑے بیڑے کی تیاری پر کام شروع کردیا ہے۔ جس پر 4کروڑ30لاکھ ڈالر ابتدائی مرحلے میں خرچ ہونگے اور اس کی تیاری 2تا 3سال میں مکمل ہوجائیگی جبکہ بحریہ کے ذرائع کاکہناہے کہ یہ روبوٹ آبدوزیں 2022ءتک سمندر میں نظر آنا شروع ہوجائیں گی۔ واضح ہو کہ بحریہ کو اس منصوبے کیلئے بہت سوچ بچار کے ساتھ کام کرنا پڑا ہے اور متعدد ڈیزائنوں کے بعداسے بوئنگ کا تیار کردہ ڈیزائن پسند آیا جو ماحول دوست بھی ہوگا۔ منصوبے کے تحت امریکی بحریہ ان روبوٹس کو 4آبدوزوں میں تجرباتی طور پر استعمال بھی کریگی۔روبو آبدوزوں (XLUUV) وہیکلز کا نام دیا جارہا ہے۔ بحریہ ذرائع کے مطابق یہ روبوٹ آبدوزیں نمونہ ہونگی۔ اسکا مطلب یہ ہوا کہ ان کو آئندہ بووقت ضرورت بہت کم خرچ سے مختلف بحری مشنز میں استعمال کیا جاسکے گا۔ امریکی بحریہ نے ان روبوٹ آبدوزوں کے بارے میں اعلان گزشتہ ماہ ہی کردیا تھا مگر اسکی تفصیلات اب جاری ہوئی ہیں۔ نمونے لئے تجربات کے لئے ابتدائی مرحلے میں جو آبدوز استعمال کی جائیگی وہ 34فٹ لمبی ہوگی۔