چیمپیئنز لیگ میں کامیابی سونے پر سہاگہ ہوگا، محمد صلاح
لیورپول: انگلش کلب لیور پول کے مصری فارورڈ محمد صلاح کا کہنا ہے کہ وہ چیمپیئنز لیگ جیتنا چاہتے ہیں جبکہ کلب کے مداح پریمیئر لیگ ٹائٹل کے خواہشمند ہیں ۔ گزشتہ روز چیمپیئنز لیگ کے اگلے راونڈ تک رسائی کیلئے جرمن کلب بائرن میونخ سے فیصلہ کن مقابلے کیلئے جرمنی روانگی سے قبل ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ شائقین کی خواہش پر اپنی آرزو کی قربانی دینے کو تیار ہیں۔ پریمیئر لیگ میں لیور پول نسبتاً بہتر پوزیشن میں ہے اور لیگ کی ٹاپ ٹیم مانچسٹر سٹی کے ساتھ ایک پوائنٹ کے فرق سے دوسرے نمبر پر ہے ۔ دوسری جانب گزشتہ سیزن میں لیور پول چیمپیئنز لیگ کے فائنل میں پہنچ گئی تھی لیکن محمد صلاح کے زخمی ہونے کی وجہ سے ٹائٹل سے محروم رہ گئی تھی۔ مصری فارورڈ کا کہنا تھا کہ وہ یورپ میں کیریئر کے آغاز سے ہی براعظم کا سب سے بڑا ٹورنامنٹ جیتنے کی تمنا رکھتے ہیں لیکن دوسری جانب انہیں بخوبی اندازہ ہے کہ لیور پول اور اسکے مداحوں کیلئے پریمیئر لیگ جیتنا کتنا اہم ہے ۔ اب انکی پہلی ترجیح ڈومیسٹک ٹائٹل میں فتح ہے اور اگر اس کےساتھ چیمپیئنز لیگ میں بھی کامیابی ملی تو سونے پر سہاگہ ہوگا۔ آج بائرن میونخ کےخلاف فتح لیور پول کو کوارٹر فائنل میں پہنچا دےگی جبکہ آئندہ ہفتے فلہم کےخلاف کامیابی اسے پریمیئرلیگ میں پہلی پوزیشن دلا دے گی۔
کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ " اردو نیوز اسپورٹس" جوائن کریں