پی ایس ایل: کوئٹہ گلیڈی ایٹرز فائنل میں پہنچ گئی
کراچی: پی ایس ایل 4کے پلے آف مرحلے میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پشاور زلمی کو 10 رنز سے شکست دے کر فائنل میں کھیلنے کا اعزاز حاصل کر لیا۔کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں کوئٹہ کے 186 رنز کے تعاقب میں پشاور زلمی کی ٹیم 7 وکٹوں پر 176 رنز بنا سکی۔پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی نے ٹاس جیت کر گلیڈی ایٹرز کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ کوئٹہ کے اوپنر احمد شہزاد ایک رن بنا کر بولڈ ہوگئے۔ شین واٹسن اور احسن علی نے خوبصورت بیٹنگ کرتے ہوئے 111رنز کی پارٹنر شپ قائم کی۔ واٹسن نے 6چھکے اور 5چوکوں کی مددسے 71رنز کی اننگز کھیلی، احسن علی نے 2چھکے اور 4چوکے لگا کر 42رنز بنائے۔ان دونوں کے آوٹ ہونے کے بعد رنز بنانے کی رفتار کم ہوگئی تاہم گلیڈی ایٹرز نے مقررہ 20اوورز میں 6 وکٹوں پر 186 رنز بنا لئے ۔پشاور زلمی کے وہاب ریاض نے 2، حسن علی، ملز، پولارڈ اور ثمین گل نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ہدف کے تعاقب میں کامران اکمل 22، امام الحق 23، صہیب مقصود 7، مصباح الحق 18 اور ڈاوسن 5 رنز بنا کر آوٹ ہوئے۔14اوور تک پشاور زلمی کی آدھی ٹیم 90 رنز پر آوٹ ہو چکی تھی۔ اس موقع پر کپتان ڈیرن سیمی اور پولارڈ نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 83 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی۔ ڈیرن سیمی 46 اور پولارڈ 44 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ وہاب ریاض صفر اور حسن علی 3 رنز بنا کر ناٹ آوٹ رہے۔گلیڈی ایٹرز کے محمد حسنین نے 2، محمد نواز، احسن علی، روسو اور شین واٹسن نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔آخری اوور میں جب پشاور زلمی کو 21 رنز درکار تھے توایک سال بعد ٹی ٹوئنٹی میں پہلا اوور کرانے والے شین واٹسن نے تجربے کے ذریعے نہ صرف خطرناک بیٹسمین پولارڈ کو بولڈ کیا بلکہ 10 رنز سے کوئٹہ گلیڈی ایٹر کو کو فتح دلا دی۔ دفاعی چیمپیئن پشاور زلمی کے پاس فائنل میں پہنچنے کیلئے ایک اور موقع موجود ہے۔ کراچی کنگز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان ہونے والے الیمنیٹر میچ کی فاتح ٹیم سے پشاور زلمی کو کھیلنا ہوگا اور کامیاب ٹیم فائنل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹر کا سامنا کرے گی۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے تیسری بار فائنل میں پہنچنے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔
کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ" اردو نیوز اسپورٹس" جوائن کریں