شادی کے مطالبے پر خاتون ٹیچر کا قتل
نئی دہلی۔۔۔یوپی کے ضلع غازی آباد سے گزشتہ 5دن سے لاپتہ خاتون ٹیچر کی لاش نہر سے برآمد ہونے کے بعد پولیس نے معاملے کی گتھی سلجھالی۔ ’’آج تک‘‘ ویب سائٹ کے مطابق خاتون ٹیچرنے عمر سے 10سال چھوٹے نوجوان کے ساتھ تعلقات استوار کررکھے تھے۔دراصل چند روز قبل غازی آباد کے کوی نگر میں رہنے والی گیتیکا نامی اسکول ٹیچر پر اسرار طور پر غائب ہوگئی تھی۔ منگل کی رات پولیس نے اس کی لاش غازی آباد کے مراد نگر میں دریائے گنگا سے نکلنے والی نہرسے برآمد کی۔گیتیکا کو قتل کرنے کے بعد لاش بڑے تھیلے میں بند کردی گئی تھی۔گیتیکا کی گمشدگی کی رپورٹ درج کرنے کے بعد پولیس اس کی تلاش میں سرگرداں تھی۔گیتیکا کے موبائل پر آنیوالی کالز کی بنیاد پر پولیس نے دیپک کو گرفتار کرلیا۔پولیس نے بتایا کہ خاتون ٹیچردیپک سے شادی کرنا چاہتی تھی تاہم نوجوان کسی اور لڑکی سے شادی کرنا چاہتا تھا جس پر دونوں میں جھگڑا ہوگیا اور دیپک نے طیش میں آکر گیتیکا کو قتل کردیااور لاش تھیلے میں ڈالکر نہر میں پھینک دی۔