ایک ہی مکان سے چوتھی بارچوری ہوئی 52ہزار روپے کی غیر ملکی سائیکل؟
گڑ گاؤں ۔۔۔۔گڑگاؤں کے پالم ویہار کالونی کے مکان سے ایک سال کے اندرچوتھی مرتبہ سائیکل چوری کی گئی۔مسلسل 4بار چوری کی واردات کے بعدپالم ویہار پولیس اسٹیشن کی کارکردگی پر سوال کھڑے ہوگئے۔این بی ٹی ویب سائٹ کے مطابق پالم ویہار کی رہنے والی سپریم کورٹ میں وکیل نیلو شرما نے بتایا کہ جمعہ8مارچ کی رات تقریباً9بجے اپنی سائیکل مکان میں کھڑی کی لیکن دوسرے دن سائیکل غائب ہوگئی۔خاتون نے پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کراتے ہوئے سائیکل کی قیمت 52ہزار روپے بتائی ۔انہوں نے بتایا کہ گزشتہ ایک برس کے دوران یہ چوتھی سائیکل مکان سے چوری کی گئی۔ا پچھلی مرتبہ چوما گاؤں کے بچوں کی مدد سے نیو پالم ویہار علاقے سے سائیکل چور کو پکڑا گیا تھا۔ پوچھ گچھ کے دوران اس نے بتایا کہ ریلوے لائن کے قریب کالونی میں قائم کباڑکی دکان پر سائیکل فروخت کردی تھی تاہم پولیس نے اس کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی۔3بار سائیکلیں چوری ہونے کے بعد خاتون نے اپنے مکان میں سی سی ٹی وی کیمرہ نصب کرادیا تھا لیکن حیرت کی بات یہ ہے کہ واردات کے دوران بجلی غائب ہوجاتی ہے جس کی وجہ کیمرے میں سائیکل چوری کی واردات ریکارڈ نہیں ہوپاتی۔خاتون نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ معلوم نہیں بجلی کاٹنے کی واردات چور کرتے ہیں یا معمول کے مطابق بجلی گُل ہوجاتی ہے۔