فلسطینی حکومت نے مسجد اقصیٰ کی تقسیم اور مشترکہ نگرانی کا اسرائیلی فارمولہ مسترد کر دیا
رام اللہ- - - - فلسطینی حکومت نے مسجد اقصیٰ کی تقسیم اور مشترکہ نگرانی کا فارمولہ مسترد کر دیا۔ فلسطینی وزارت خارجہ و تارکین نے مسجد اقصیٰ کی نگرانی اور اس کی تقسیم کے اسرائیلی فارمولے کی سخت الفاظ میں مذمت کر دی۔ حکومت فلسطین کا کہنا ہے کہ جن اسرائیلی عہدیداروں نے مسجد اقصیٰ کی نگرانی کا کام تقسیم کرنے اور مسجد اقصیٰ کے حصے بخرے کرنے سے متعلق بیانات دیئے ہیں وہ طاقت کے غرور میں مبتلا ہیں۔ وہ غاصبانہ قبضے اور اس کی پالیسیوں کی لامحدود امریکی شہ سے ناجائز فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ وہ زمینی حقائق تھوپنے کے درپے ہیں۔ فلسطینی دفتر خارجہ نے توجہ دلائی کہ اسرائیلی حکام کی اس طرح کی کوششیں نئی نہیں پرانی ہیں۔ اہل فلسطین اور مسجد اقصیٰ کے محبین مسلسل مزاحمت کر رہے ہیں۔ انتہا پسند اور نسل پرست اسرائیلی قائدین کو منہ کی کھانی پڑے گی۔ عموماً بیت المقدس اور خصوصاً مسجد اقصیٰ کی بے حرمتی کی کوئی بھی کوشش اور کوئی بھی تحریک کامیاب نہیں ہونے دیںگے۔ حکومت فلسطین اس حوالے سے اپنے فرائض سے غافل نہیں۔ وہ متعلقہ ممالک او راقوام متحدہ سمیت دیگر تنظیمیں اس بے باکی پر خاموش نہیں رہیں گی۔ دفتر خارجہ نے توجہ دلائی کہ پوری مسلم دنیا اسرائیل کی ا س غنڈہ گردی کو مسترد کرتی ہے۔