ایک لاکھ آنکھوں کا آپریشن کرنیوالے ڈاکٹر جگت رام کو پدم شری ایوارڈ
شملہ۔۔۔۔ صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند نے صدارتی محل نئی دہلی میں پی جی آئی چنڈی گڑھ کے ڈائریکٹر اور ماہر امراض چشم ڈاکٹر جگت رام کو ملک کے چوتھے سب سے بڑے ایوارڈ پدم شری سے نوازا۔ڈاکٹر جگت رام نے تقریباً ایک لاکھ آنکھوں کے مریضوں کا آپریشن کرنے کا ریکارڈ قائم کیا جبکہ تقریباً10ہزار بچوں کی آنکھوں کا کامیاب آپریشن کرکے بینائی بحال کی۔معاشی بدحالی کےشکار کاشتکار خاندان سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر جگت نے ثابت کردیا کہ عزم محکم اورعمل پیہم سے ہر شعبے میں کامیابی حاصل کی جاسکتی ہے۔انہوں نے بتایا کہ جب چنڈی گڑھ میں ایم ایس میں داخلہ لیا تو اس وقت فیس ادا کرنے کیلئے پیسے نہیں تھے۔ دوستوں سے ادھار رقم لیکر فیس جمع کی، آج اسی میڈیکل کالج میں ڈائریکٹر کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔ڈاکٹر جگت رام ضلع سرمور کے پبیانا گاؤں کے رہنے والے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ پڑھائی کے دوران جب پیسوں کی ضرورت پڑتی تھی تو والد اپنے جاننے والوں سے رقم ادھار لیکر فراہم کرتے تھے ۔ڈاکٹر جگت رام موتیا بند سرجری کی روایتی تکنیک کو بالائے طاق رکھتے ہوئے اعلیٰ ترین سستی تکنیک ایجاد کی۔2017ء سے وہ پی جی آئی میں ڈائریکٹر کے عہدے پر فائز ہیں۔تقریباً40سال قبل انہوں نے پی جی آئی میں ملازمت اختیار کی۔1985ء میں شملہ سے ایم بی بی ایس کی ڈگری اور چنڈی گڑھ سے ایم ایس کی تعلیم مکمل کی ۔ ڈاکٹر جگت روزانہ 35سے 40آنکھوں کا آپریشن کرتے ہیں۔امراجالا ویب سائٹ کے مطابق 2013 ،2016اور 2018ء میں امریکہ میں آنکھوں کے آپریشن کے سلسلے میں انہیں بہترین سرجن کے خطاب سے نوازا گیا۔