عادل الجبیر سے سفیر پاکستان کی ملاقات
دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال، پاک ، ہند کشیدگی کو کم کرنے میں مملکت کا کردار مثالی رہا، راجہ علی اعجاز
جدہ ( ارسلان ہاشمی ) سفیر پاکستان راجہ علی اعجاز نے ریاض میں سعودی وزیر مملکت برائے امور خارجہ اور رکن کابینہ عادل الجبیر سے ملاقات کی او ردوطرفہ دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا ۔ عادل الجبیر نے راجہ علی اعجاز کو مملکت میں سفیر متعین ہونے پر مبارک باد پیش کرتے ہوئے بھر پور تعاون کا یقین دلاتے ہوئے امید ظاہر کی کہ انکے دورسفارتکاری میں دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ ملے گا اور نئی جہتیں ملیں گی ۔ راجہ اعجاز نے پاک سعودی تعلقات کے حوالے سے کہا کہ دوطرفہ برادرانہ تعلقات میں ہر گزرتے دن کے ساتھ اضافہ ہو رہا ہے انہوں نے کہا کہ پاک ، ہند کشیدگی کو کم کرنے میں مملکت کا کردار مثالی رہا ۔ انہو ں نے مزید کہا سعودی عرب نے ہمیشہ پاکستان کے ساتھ بڑے بھائی کاکردار ادا کیا ۔ ارض حرمین دنیا کے تمام مسلمانوں کیلئے مقدس ہے۔ حفاظت اور استحکام کے لئے کام کرنا ہر پاکستانی کی اولین ترجیح ہے ۔ پاکستان ہمیشہ سے خطے میں قیام اور فروغ امن کے لئے کوشاں ہے ۔