سعودی نوجوان کرکٹ کے کھیل کا حصہ بنیں،پرنس عبدالعزیز
ریاض کرکٹ ایسوسی ایشن کے تعاون سے کرکٹ ٹورنامنٹ کی تقریب تقسیم انعامات سے پیٹرن انچیف کا خطاب
ریاض کرکٹ ایسوسی ایشن کے پیٹرن انچیف جنرل ریٹائرڈ پرنس ڈاکٹر عبدالعزیز بن ناصر بن عبدالعزیز آل سعود کا کہنا ہے کہ کرکٹ ایک بہت ہی اچھا کھیل ہے اور سعودی عرب میں پاکستان اور دیگر ممالک کے کھلاڑیوں کی پرفارمنس شاندار رہی ہے۔ کرکٹ کو مزید فروغ دینے کیلئے ضروری ہے کہ اسکول اور کالجوںمیں اس کھیل کو پذیرائی ملے اور ٹورنامنٹ کا انعقاد ہو اور سعودی نوجوان اس کھیل کا بھی حصہ بنیں تاہم گزشتہ کئی سال سے پاکستانی کھلاڑی کرکٹ کے میدانوں کو آباد کئے ہوئے ہیں، وہ قابل ستائش ہے۔ ریاض کرکٹ ایسوسی ایشن کی مینجمنٹ سمیت تمام کھلاڑی مبارکباد کے مستحق ہیں جنہوں نے پہلی کرکٹ چیمپیئن شپ اپنے نام کی ہے۔ تقریب میں پرنس عبدالعزیز بن ناصر نے کھلاڑیوں کو میڈلز تقسیم کئے جبکہ ریاض کرکٹ ایسوسی ایشن کے سی ای او اور ٹیم کپتان ندیم بابر کو شاباش دی اور کہا کہ جس طرح آپ قائدانہ صلاحیتیں بروئے کار لاکر کھلاڑیوں کو ساتھ لیکر چل رہے ہیں اس سے کرکٹ میں مزید بہتری آئے گی۔ تقریب میں آر سی اے کہ پیٹرن چیئرمین محمد انور نے سعودی کرکٹ سینٹر کی جانب سے کھیلے جانے والے پہلے ٹی ٹوئنٹی چیمپیئن شپ کے بارے میں آگاہ کیا اور بتایا کہ کس طرح سعودی عرب بھر سے مختلف شہروں کی ٹیموں نے شرکت کی اور سنسنی خیز مقابلے ہوئے جبکہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محمد انور کا کہنا تھا کہ کرکٹ کے فروغ کے لئے پرنس عبدالعزیز بن ناصر کی خدمات بہت زیادہ ہیں۔ انہوں نے آر سی اے کو جہاں گراونڈ مہیا کیے ہیں وہیں کھلاڑیوں کی بہتری کیلئے بھی ہمیشہ بھرپور تعاون کیا ہے جبکہ ندیم بابر کا کہنا تھا کہ ہم نے ہمیشہ اچھی اور معیاری کرکٹ کے ذریعے میدان آباد کئے ہیں۔ آر سی اے میں اسی کے قریب مختلف ٹیمیں کھیلتی ہیں اور سعودی نیشنل ٹیم میں بھی آر سی اے کے کھلاڑی موجود ہیں جو ہمارا فخر ہیں اور جس طرح پرنس عبدالعزیز بن ناصر نے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی ہے اس سے کھلاڑی آئندہ بھی اچھا کھیل پیش کرنے کی کوشش کریں گے۔
کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ" اردونیوزاسپورٹس" جوائن کریں