Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ہند کو کھیلوں میں سیاست نہیں لانی چاہئے، وسیم خان

اسلام آباد:پاکستان کرکٹ بورڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر وسیم خان نے واضح کیا ہے کہ ہند کو کھیلوں میں سیاست نہیں لانی چاہے، ہند کیساتھ کرکٹ معاملات پر اپنی عزت ہر صورت مقدم رکھیں گے۔آئی سی سی میں ہند کیساتھ ہر محاذ کیلئے تیار ہیں۔ سری لنکا کے رواں سال دورہ پاکستان کیلئے پر امید ہیں۔ پاکستان سپر لیگ کے آئندہ ایڈیشن کے انعقاد کیلئے راولپنڈی سمیت دیگر سینٹرز کا جائزہ لے رہے ہیں جبکہ ڈومیسٹک کرکٹ کی بہتری کیلئے جلد بازی میں کوئی فیصلہ نہیں لیا جائے گا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی سی بی کے ترجمان سمیع الحسن برنی کے ہمراہ پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم کے دورہ کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔ وسیم خان نے کہاکہ پاکستان کرکٹ کی بہتری کیلئے سخت فیصلے کرنے سے اجتناب نہیں کرینگے۔ انہوں نے کہاکہ کھیلوں میں سیاست نہیں آنی چاہیے ، ہندنے پی ایس ایل کو بلیک آوٹ کیا ، ہم ہر کام پاکستان کے مفاد میں کرینگے ۔ انہوں نے کہاکہ قومی ویمنز ٹیم کا بیٹنگ کوچ تعینات کیا جائیگا۔ بیٹنگ کوچ غیر ملکی نہیں بلکہ مقامی ہوگا ۔ ایک سوال کے جواب میں وسیم خان نے کہاکہ ساری دنیا نے پاکستان میں پی ایس ایل کے دوران سیکیورٹی انتظامات دیکھ لئے ہیں اور ہر ایک نے پاکستان میں سیکیورٹی انتظامات اور سہولیات کو سراہا ہے جبکہ سری لنکا کرکٹ ٹیم کو پاکستان لانے کیلئے کوشاں ہیں۔ رواں سال سری لنکن ٹیم کی پاکستان آمد کیلئے پر امید ہیں ۔وسیم خان کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل میں کوچز اور سلیکٹرز کی شمولیت کے معاملے کا جائزہ لینگے۔ انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی ہماری اولین ترجیح ہے۔ ماضی کی بجائے ہمیں مستقبل کی طرف دیکھنا ہوگا ۔پی سی بی کو پروفیشنل انداز سے چلانا چاہتے ہیں ، پاکستان کرکٹ کو آگے لیکر جانا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ کرکٹ میں بہتری کیلئے سخت فیصلے لینے سے اجتناب نہیں کرینگے تاہم جلد بازی میں کوئی فیصلہ نہیں لیا جائیگا۔ ڈومیسٹک کرکٹ کا پورا انفراسٹریکچر تبدیل کرینگے اور فرسٹ کلاس کرکٹ میں پچز کے معیار کو بہتر بناینگے۔
کھیلوں کی  مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ" اردونیوزاسپورٹس" جوائن کریں

شیئر: