پاکستان سپر لیگ کی کامیابی ، دہشتگردی کی شکست ہے
کراچی:پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی نے کہا ہے کہ ہندوستان پہلے دن سے پاکستان سپر لیگ کو ناکام بنانے کی کوششیں کر رہا تھا۔دونوں ملکوں کے درمیان حالیہ کشیدگی کے باعث مشکلات کا سامنا ضرور کرنا پڑا ۔ پی ایس ایل4 کے کامیاب انعقاد کے بعد پی سی بی کے ایم ڈی وسیم خان کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہندوستان ہماری پی ایس ایل کو تباہ کرنا چاہتا تھا، وہ سمجھ رہے تھے ہماری لیگ کو نقصان ہوگا مگر ایسا نہیں ہوا۔ پی ایس ایل کی کامیابی پر پوری قوم تعریف کی مستحق ہے۔ سانحہ نیوزی لینڈ نے دنیا کی آنکھیں کھول دیں اور پوری دنیا کو پاکستان کے مسائل سے بھی آگاہ کردیا۔ کراچی میں پی ایس ایل کے 8 میچزکرانے میں کامیاب رہے اور مشکل حالات میں کراچی میں میچ کروانا ہماری کامیابی ہے، پی ایس ایل کا اگلا ایڈیشن پاکستان ہی میں ہوگا جس کیلئے نئے میدان بنائیں گے اور 4 سے 5 شہروں میں میچز کرائیں گے۔چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ حیدرآباد کے نیاز اسٹیڈیم کی حالت بہتر بنائیں گے، آزاد کشمیر میں بھی پی ایس ایل میچ کرائیں گے ۔ غیر ملکی کرکٹ بورڈز کا اعتماد بحال کرنے کی کوشش کر رہے ہیں جس کیلئے غیر ملکی سیکیورٹی ماہرین کو آبزرویشن کیلئے بلایا جائیگا، سری لنکا کو بھی اپنا سیکیورٹی ماہر بھیجنے کیلئے کہا ہے، ہم نے بھر پور اور معیاری سیکیورٹی کی یقین دہانی کرائی ہے جبکہ پی ایس ایل کے دوران غیر ملکی سیکیورٹی اہلکار مطمئن نظر آئے۔ دہشت گردی کی وجہ سے کرکٹ نہیں رکنی چاہیے۔پی ایس ایل کا کامیاب انعقاد دہشتگردی کی شکست ہے۔ پی سی بی چیئرمین نے بتایا کہ پی ایس ایل میں شامل انٹرنیشنل کھلاڑی کہتے تھے کہ ہماری سیکیورٹی کم کی جائے کیونکہ ہم کراچی شہر دیکھنا چاہتے ہیں ، اس سے پتہ چلتا ہے کھلاڑیوں کا اعتماد بحال ہو رہا ہے۔
کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ" اردو نیوزاسپورٹس" جوائن کریں