کراچی ...جعلی بینک اکاﺅنٹس کیس کی تحقیقات کے معاملے میں وزیراعلی سندھ نے نیب کے سامنے پیش ہونے کا فیصلہ کرلیا۔ مراد علی شاہ پیر کو نیب کی تفتیشی ٹیم کو اپنا بیان ریکارڈ کرائیں گے۔ذرائع کے مطابق نیب نے وزیراعلی سندھ کوٹھٹھہ،دادو شوگر ملز کیس میں ریکارڈسمیت طلب کر رکھا ہے۔ مراد علی شاہ کو تحریری سوالنامہ بھی دیا جائے گا۔ڈی جی نیب عرفان منگی وزیراعلی کا بیان خود ریکارڈ کریں گے۔ڈی جی نیب نے مراد علی شاہ کی متوقع پیشی پر ضلعی انتظامیہ سے رابطہ کر کے سیکیورٹی کے انتظامات سخت کرنے کی ہدایت جاری کردی۔یاد رہے کہ نیب راولپنڈی نے 20 مارچ کو وزیراعلی سندھ کی طلبی کا نوٹس جاری کیا تھا۔ احتساب بیورو شوگر ملز کو دی جانے والی سبسڈی کے معاملے پر بھی تحقیقات کررہا ہے