Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لکی مروت میں اسکولز مانیٹرنگ ٹیم پر حملے میں دو ہلاک

پاکستان کے قبائلی علاقوں سے خیبر پختونخوا میں ضم ہونے والے علاقے میں  سکولوں کی مانیٹرنگ کے لیے جانے والی ٹیم پر حملہ کیا گیا ہے جس میںایک خاتون افسر اورایک لیوی اہلکار ہلاک ہو گیا ہے ۔ 
ضلع لکی مروت میں ڈپٹی کمشنر کے دفتر سے منسلک نائب تحصیلدار کرامت اللہ نے اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ’ہسپتالوں اور  سکولوں کی مانیٹرنگ کرنے والی ٹیم چار دن سے علاقے میں موجود تھی۔‘
انہوں نے کہا کہ جب سے قبائلی علاقے ضم ہوئے ہیں ضلع میں مانیٹرنگ ٹیمیں آ رہی ہیں تاکہ صحت اور تعلیم کی سہولیات کا جائزہ لیا جاسکے ۔ 
کرامت اللہ نے بتایا کہ بدھ کو دن ایک بجے کے لگ بھگ جنوبی اور شمالی وزیرستان کی سرحد کے ساتھ ملنے والے علاقے میں مانیٹرنگ ٹیم کی گاڑی پر پہاڑ سے فائرنگ کی گئی جس میں ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسر صفیہ بی بی اور ایک لیوی اہلکار اختر موقع پر مارے گئے ۔ 
شر پسندوں کی فائرنگ سے ایک خاصہ دار سپاہی ولی محمد اور گاڑی کا ڈرائیور عطا الرحمان بھی زخمی ہوئے ۔ 
نائب تحصیلدار نے بتایا کہ ’آرمی علاقے میں پہلے ہی موجود ہے اور شرپسندوں کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے ۔  
یاد رہے کہ سابق قبائلی علاقوں میں سکولوں پر اس سے پہلے بھی متعدد حملے ہو چکے  ہیں تاہم  حالیہ برسوں میں ان میں نمایاں کمی  ہو ئی ہے

شیئر: